حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے غریب عوام سے کھلی دشمنی کا ثبوت دیا ہے ‘یاسمین راشد

پی ٹی آئی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتی ہے ، ظالمانہ اضافہ فی الفور واپس لیا جائے‘کارکنوں سے گفتگو

پیر 1 جنوری 2018 16:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2018ء) تحریک انصاف کی مرکزی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے غریب عوام سے کھلی دشمنی کا ثبوت دیا ہے ، پی ٹی آئی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتی ہے ، ظالمانہ اضافہ فی الفور واپس لیا جائے ۔ وہ گزشتہ روز حلقہ این اے 120کی یوسی 171میں پارٹی رہنما راجہ رضا اور میاں تنویر کی طرف سے پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کے اعزاز میں دئیے گئے ناشتے کی تقریب سے خطاب کر رہی تھی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے غریب عوام کے منہ سے روٹی کا آخری نوالہ بھی چھین لیا ہے ، موجودہ حکومت غریب عوام کے لئے کسی عذاب سے کم ثابت نہیں ہوئی ۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی لوٹ مار کی سزا غریب عوام کو مل رہی ہے ، حکمران اپنی عیاشیاں بند کریں اور عوام کو ریلیف دے ۔ انہو ںنے کہا کہ تحریک انصاف ظالمانہ اضافے کے خلاف بھرپور احتجاج کرے گی ، ان حکمرانوں نے عوام کو تکلیف دینے کے سواء کچھ نہیں دیا ، ظالمانہ اضافے سے مہنگائی میں اضافہ ہو گا ، عام آدمی پہلے ہی غربت کی چکی میں پس رہا ہے ،حکمران مسلسل عوام پر مہنگائی کے بم برسا رہے ہے ۔

متعلقہ عنوان :