غیر قانونی چنگچی رکشوں کے خلاف سال نو کا پہلا آپریشن ،54رکشے بند

پیر 1 جنوری 2018 16:42

راولپنڈی یکم جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جنوری2018ء)سال نو کے آغاز پر غیر قانونی چنگچی رکشوں کے خلاف بڑی کارروائی میں 54رکشے بند کر دیئے گئے ۔ موٹر وہیکل ایگزمینر راولپنڈی میاں زاہد بشیر نے گزشتہ روز راولپنڈی میںبغیر نمبر پلیٹ ، بغیررجسٹریشن بک ، بغیرروٹ پرمٹ ، بغیر فٹنس اور بغیر لائسنس چلنے والے چنگ چی رکشوں کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے 54 رکشوں کو بندجبکہ پانچ رکشوں کو چالان جاری کیے۔

موٹر وہیکل ایگزمینر راولپنڈی میاں زاہد بشیر نے اے پی پی کو بتایاکہ پیر کو راولپنڈی کے مختلف علاقوں راجہ بازار فوراہ چوک اورمریڑحسن میں خصوصی چیکنگ کی گئی اور بغیرفٹنس، نمبر پلیٹ، رجسٹریشن بک، روٹ پرمٹ اور لائسنس نہ رکھنے والے 54 رکشوں کوبند جبکہ پانچ رکشوں کے چالان کر کے انہیں سختی کے ساتھ ہدایات جاری کیں کہ قانون کے مطابق کاغذات کو پورا کیا جائے اورگاڑیوں کی رجسٹریشن ، روٹ پرمٹ، فٹنس کو یقینی بنایا جائے وگرنہ بھاری جرمانے اور گاڑیوں کو بند کر دیا جائے گا اور شہر بھرمیں بغیر فٹنس ، بغیر رجسٹریشن ، بغیر روٹ پرمٹ چلنے والی گاڑیوں کے خلاف مہم جاری رہے گی ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی راولپنڈی نے گذشتہ برس اوور لوڈنگ ،اوور چارجنگ اور روٹ پرمٹ کی خلاف ورزی پر 4966گاڑیاں بند کیں اور خلاف ورزی کی مرتکب گاڑیوں کو مجموعی طور پر 1,22,16,500روپے جرمانہ کیا گیا ۔سیکرٹری آر ٹی اے خالد یامین ستی نے اے پی پی کو بتایاکہ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی راولپنڈی نے سال 2017کے دوران ضلع راولپنڈی میں چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کی جانب سے مختلف قوانین کی خلاف ورزیوں اوور لوڈنگ ،اوور چارجنگ اور روٹ کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر11,137چالان کر کے 1,22,16,500روپے جرمانہ کیا جبکہ4966گاڑیوں کو بند کیا گیا۔