معاشی سرگرمیوں میں پاکستان سرفہرست ہو گا ،گورنر سندھ

2018 ء قومی ترقی ،معاشی خوشحالی اور یکساں ترقی کے مواقعوں کے لئے اہم ثابت ہوگا،محمد زبیر تعین کردہ اہداف کے حصول میں اس برس حوصلہ افزا ء نتائج یقینی ہیں،ظہرا نہ سے خطاب میں اظہار

پیر 1 جنوری 2018 16:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ 2017 ء کی طرح 2018 ء بھی قومی ترقی ،معاشی خوشحالی اور یکساں ترقی کے مواقعوں کے لئے اہم ثابت ہوگا اس ضمن میں حکومت کی معاشی پالیسی کے مثبت نتائج کے مزید ثمرات بھی عوام تک پہنچنا شروع ہوجائیں گے ، امن و امان کے قیام اور انرجی بحران کے خاتمہ کے بعد معاشی خوشحالی کے لئے تعین کردہ اہداف کے حصول میں اس برس حوصلہ افزا ء نتائج یقینی ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی حالات کے بدلنے سے معاشی سرگرمیوں میں پاکستان سرفہرست ہو گا سی پیک منصوبہ سے قومی امنگوں کے عین مطابق نتائج کے حصول سے قومی ترقی مزید تیز ہوگی ، غیر ملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ سے غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ یقینی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے معروف صنعت کار عارف حبیب کی جانب سے ظہرانہ سے خطاب میں کیا ۔

اس موقع پر بنک آف امریکہ کے شعبہ گلوبل ایکویٹی ڈسٹری بیوشن کے ایم ڈی صفیان زبیری، پاکستان اسٹاک ایکس چینج کے چیئر مین منیر کمال ،ڈاکٹر عشرت حسین ، ناہید میمن ، احسان الحق اور کا رپوریٹ سیکٹر کی دیگر نمایاں شخصیات بھی موجود تھیں ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ 2013 ء میں حالات انتہائی خراب تھے ،معاشی سرگرمیاں بھی ماند پڑچکی تھی ، انرجی بحران نے صنعتوں کی فعالیت کو جام کرکے رکھ دیا تھا ، غربت ، بے روزگاری اور مہنگائی کنٹرول سے باہر تھی لیکن موجودہ حکومت نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد امن و امان کے قیام کے لئے دور رس اقدامات اٹھائے ، بجلی بحران پر خاتمہ کے لئے ہنگامی بنیادوں پر بڑے بڑے پلانٹس کی تعمیر شروع کی ، امن و امان کے قیام اور بجلی بحران پر خاتمہ کے بعد حکومت نے معاشی سرگرمیوں کی فعالیت ، نئی صنعتوں کے قیام اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ کے لئے معاشی پالیسی تشکیل دی جس سے معاشی سرگرمیوں اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ ہو رہا ہے جس سے غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ میں مدد مل رہی ہے جبکہ حکومت نے مہنگائی پر کافی حد تک کنٹرول کرلیا ہے ، 2013 ء کے مقابلہ میں آج کے پاکستان میں امن و امان ، معاشی خوشحالی اور قومی ترقی سے عوام الناس کا معیار زندگی بھی بلند ہو رہا ہے جبکہ دس برس پاکستان کے لئے سنہری ترین عرصہ ثابت ہونگے ۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ میں وفاق کے تعاون سے ترقیاتی منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں لوگوں کو علاج معالجہ کی سہولیات کے لئے ہیلتھ کارڈ ز بھی تقسیم کئے گئے ، ملکی معاشی شہ رگ کراچی میں وفاق کے تعاون سے 75 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے جن کی تکمیل سے شہر میں پینے کے صاف پانی کا مسئلہ حل ، لوگوں کو جدید دور کی سفری سہولیات اور آمد و رفت کے تیز ترین ذرائع حاصل ہو سکیں گے اس ضمن میں معاشی ، اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ کے لئے صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی پر خصوصی توجہ دی جار ہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آج دنیا اعتراف کررہی ہے کہ پاکستان معاشی خوشحالی کی سمت گامزن ہے اور پاکستان کا مستقبل روشن ہے ، سی پیک کی تکمیل کے بعد گوادر اور کراچی عالمی تجارتی منڈی کا درجہ حاصل کرلیں گے جس سے صوبہ میں معاشی سرگرمیوں میں بے پناہ اضافہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ میں فلاحی معاشرہ کی تشکیل کے لئے برداشت کے رویہ کو پروان چڑھایا جا رہا ہے ، ترقیاتی منصوبوں میں تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد منصوبے تشکیل دیئے جارہے ہیں اس ضمن میں صوبہ کی تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ بھی کیا اور ہر ایک کو صوبہ کی ترقی و خوشحالی کے لئے بے قرار پایا یہ خوش آئند ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اصل حقائق سے سرمایہ کاروں کو آگاہ کرنے کے لئے دنیا بھر میں روڈشوز منعقد کئے جا رہے ہیں جس میں ، میں خود بھی شرکت کرتاہوں اس ضمن میں دبئی ،دوہا ، امریکہ اور برطانیہ میں منعقدہ روڈشوز میں شرکت کے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے اصل حالت سے آگاہ کیا جنھیں سن ان کے اعتماد میں اضافہ ہو ا اور اب وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں، غیر ملکی سرمایہ کاری سے پاکستان اپنے اصل ہدف کو باآسانی حاصل کرسکتا ہے اس ضمن میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو حکومت ہر ممکن تعاون ، مدد اور معاونت بھی فراہم کررہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کو یقینی بنایا جا سکے ۔

صفیان زبیر ی نے بنک آف امریکہ کی کارکردگی کی معاشی ترقی کے ضمن میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کارپوریٹ امریکہ صدر ٹرمپ کی پالیسیوں سے مطمئن اور خوش ہے ۔

متعلقہ عنوان :