پٹرولیم مصنوعات کی مہنگائی ،

حکومت کی جانب سے عوام کو سال نو کا سنگدلانہ تحفہ ہے ،ْالطاف شکور

پیر 1 جنوری 2018 16:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2018ء) پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ حکومت کی جانب سے عوام کو سال نو کا سنگدلانہ تحفہ ہے ۔تیل کی آمدنی سے حکومت چلائی جارہی ہے ،روزانہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے ثابت کردیا ہے کہ مسلم لیگی حکومت نااہل ہوچکی ہے اور عوام کی امیدیں اور توقعات دم توڑ چکی ہیں ۔

اسمبلیوں میں بیٹھے ہوئے ارکان پارلیمنٹ اور وڈیرہ شاہی کو ہمیشہ کیلئے مسترد کرنے کا وقت آگیا ہے۔ عوام دوست حکومت کا قیام ، ظلم و جبر اور مہنگائی و بے روزگاری کا خاتمہ پاسبان کا مشن ہے ۔سیاسی جماعتوں اور سیاستدانوں نے اپنے منشور میں عوام سے جھوٹے وعدے کئے ، پٹرولیم نرخوں میں اضافہ بلاجواز ہے فوری واپس لیا جائے ۔

(جاری ہے)

پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور نے مزید کہا کہ پٹرول 4,06روپے ،ڈیزل میں 6.25اور مٹی کے تیل میں 6.74روپے کا اضافہ کرکے حکومت نے عوام پر شب خون مارا ہے ۔

جب عالمی منڈی میں تیل کے نرخوں میں نمایاں کمی ہوتو حکومت چپ ساد ھ لیتی ہے اور عوام کو اس کمی کے ثمرات سے محروم کردیا جاتا ہے اور جب معمولی اضافہ ہوتو عوام پر ہوشربا اضافہ مسلط کردیاجاتا ہے ۔ پٹرولیم نرخوں میں طرح طرح کے ٹیکس عائد کرکے 25روپے فی لیٹر فروخت کے بجائے عوام سے بھاری منافع کیا جارہا ہے ۔تیل کی آمدنی سے حکومت چلائی جارہی ہے ۔ ہر بڑی سیاسی جماعت میں وڈیرہ شاہی کے نمائندے گھس بیٹھے ہیں جو پارلیمنٹ میں جاکر عوام کے مفادات کو بھول چکے ہیں ۔ پاسبان کی جدوجہد کے نتیجے میں ہی عوام کو ان کے حقوق اور مراعات میسر آئیں گی ۔

متعلقہ عنوان :