کاروباری قائدین کی ٹیرا ڈیٹا کے تحت ہونے والے چوتھے ٹیراڈیٹا انویٹیشنل گالف چمپئن شپ میں شرکت

پیر 1 جنوری 2018 16:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2018ء)ڈیٹا اور اینالٹکس فراہم کرنے والی دنیا کی سرفہرست کمپنی ٹیراڈیٹاکے زیراہتمام گزشتہ روز ڈیفنس اتھارٹی کنٹری اینڈ گولف کلب میں چوتھے ٹیراڈیٹا انویٹیشنل گولف چیمپئن شپ کا انعقاد کیاگیا۔اس سرگرمی کا مقصد ٹیرا ڈیٹا کی جانب سے مختلف صنعتوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات کو پاکستانی معیشت اور بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کے لیے غیرروایتی ماحول فراہم کرنا ہے۔

کارپوریٹ سیکٹر سے تعلق رکھنے والے ایگزیکٹیو کے منتخب گروپ اور حکومت، فنانس، انرجی سیکٹر سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے گولف مقابلے میں شرکت کی۔ مقابلے کے اختتام پر انعامات تقسیم کیے گئے۔ ویوک آنند نے پہلا گراس ٹائٹل حاصل کیا جبکہ ملک مرتضیٰ اور لیفٹیننٹ کرنل زاہد اقبال گراس مقابلے میں بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔

(جاری ہے)

پہلا نیٹ پرائز حیدر بلال نے حاصل کیا، جاوید ودود اور علی ندیم نے بالترتیب دوسرا اور تیسرا نیٹ پرائز حاصل کیے۔ خواتین کی کٹیگری میں انعم زہرا نے پہلا نیٹ اور سمیہا خالد نے دوسرا نیٹ پرائز حاصل کیا۔ زنیرہ خان نے طویل ترین ڈرائیو کرنے والی گالفر جبکہ برگیڈیئر شاہد غنی پن کے نزدیک ترین پہنچنے والے گالفر قرار پائے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ٹیراڈیٹا پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر قذافی قیوم نے کہا کہ’’ ہم جیتنے والے تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور ساتھ ہی اپنی مصروفیات میں سے وقت نکال کر اس ایونٹ میں شرکت کرنے والے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

پاکستان میںڈیٹا اینالٹکس کے ذریعے صنعتوں کے لیے کاروباری تجزیہ کے جدید سلوشن متعارف کرانے والے ادارے کی حیثیت سے ہم اعلیٰ کاروباری شخصیات کو تبادلہ خیال کے موقع کی فراہمی کے ذریعے کاروباری منظرنامے میں بہتری لانا اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ’’ ٹیرا ڈیٹا کاروبار کے حوالے سے مثبت تبادلہ خیال کے مواقع مہیا کرتا رہے گا تاکہ تمام شعبوں کو باخبر رکھتے ہوئے بہتر فیصلوں کی صلاحیت بڑھائی جاسکے۔ ‘‘