سندھ ہائی کورٹ ،ْکنری لڑکی زیادتی کیس ،ایس ایس پی عمر کوٹ نے ملزم کی گرفتاری سے متعلق رپورٹ پیش کردی

پیر 1 جنوری 2018 16:11

سندھ ہائی کورٹ ،ْکنری لڑکی زیادتی کیس ،ایس ایس پی عمر کوٹ نے ملزم کی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2018ء) کنری میں وڈیرے کی جانب سے کسان کی لڑکی سے زیادتی کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے ۔ سندھ ہائیکورٹ میں ایس ایس پی عمر کوٹ اعجاز باجوہ نے ملزم نذیر خاصخیلی کی گرفتاری سے متعلق رپورٹ پیش کی ۔ پیرکوسندھ ہائیکورٹ میں ہندو کسان کی لڑکی سے زیادتی پر ازخود نوٹس کی سماعت ہوئی ۔

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے سیشن جج عمر کوٹ کو معاملے کی نگرانی کرنے کا بھی حکم دے دیا ۔ سندھ ہائیکورٹ میں ایس ایس پی عمر کوٹ عثمان باجوہ پیش ہوئے ۔ ایس ایس پی عمر کوٹ اعجاز باجوہ نے کنری میں وڈیرے کی جانب سے کسان کی لڑکی سے زیادتی کرنے والے ملزم نذیر خاصخیلی کی گرفتاری سے عدالت کو آگاہ کیا ۔ عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ 26 دسمبر کو کنری کے علاقے میں بااثر وڈیرے نے گھر جاتے ہوئے ہندو لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنایا ۔

(جاری ہے)

واقعہ کا مقدمہ 28 دسمبر کو عمر کوٹ کے تھانہ بنی سر میں درج کیا گیا ۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ متاثرہ لڑکی کا تعلقہ اسپتال کنری سے طبی معائنہ بھی کرایا گیا ہے جبکہ لڑکی کا ڈی این اے بھی کرا لیا گیا ہے ۔ عدالت نے ملزم کے خلاف بروقت کارروائی نہ کرنے پر پولیس افسران کی سخت سرزنش کی ۔ عدالت نے ایس ایچ او کنری کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے معاملے کی تحقیقات ایس ڈی پی او کنری کو کرنے کا حکم دیا جبکہ معاملے کی نگرانی سیشن جج عمر کوٹ کے سپرد کر تے ہوئے مزید کارروائی ملتوی کر دی ۔

متعلقہ عنوان :