فلاح انسانیت فاونڈیشن کی جانب سے ڈنگہ شہر ضلع گجرات میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا

پیر 1 جنوری 2018 16:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2018ء) فلاح انسانیت فاونڈیشن کی جانب سے ڈنگہ شہر ضلع گجرات میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔جس میں 312 مریضوں کا مفت چیک اپ کیا گیا اورمفت ادویات فراہم کی گئی۔مریضوں میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد بھی شامل تھی۔میڈیکل کیمپ میں ڈاکٹر عرفان مغل ایم بی بی ایس ،ڈاکٹر سرور ،ڈاکٹر حافظ محمد طفیل ،ڈاکٹر اظہر محمود کسانہ اورڈاکٹر حافظ عثمان نے خدمات سرانجام دیں۔

میڈیکل کیمپ پر ڈاکٹرز کے ساتھ ساتھ مقامی رضا کاروں نے بھی اپنی خدمات سرانجام دیں۔میڈیکل کیمپ محمد اقبال انچارج فلاح انسانیت فاونڈیشن ضلع گجرات کی زیرنگرانی منعقد ہوا۔انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی ایف ملک بھر میں فری میڈیکل کیمپوں کا سلسلہ وسیع کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

لوگوں کو مفت اور آسان علاج مہیا کرنا ہمارا مشن ہے۔ میڈیکل کیمپ سے نچلے طبقہ کے لوگ بہت بڑی تعداد میں مستفید ہو رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ غریب آدمی کے لیے بڑا مشکل ہو چکا ہے کہ وہ پرائیویٹ کلینکس سے علاج کروائے۔ غریب اور نادار لوگ دوائیو ں کے لیے ترس رہے ہیں۔معززین علاقہ اور انچارج جماعت الدعوہ ڈنگہ شہر عبداللہ سلفی نے میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا اور ایف آئی ایف کا کیمپ لگانے پر شکریہ ادا کیا۔