ْ دہشت گردی کے دن گنے جا چکے، 2018 پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا سال ثابت ہوگا، ایاز صادق

پیر 1 جنوری 2018 15:43

ْ دہشت گردی کے دن گنے جا چکے، 2018 پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا سال ثابت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جنوری2018ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے نئے سال 2018 کے آغاز پر ملک و قوم کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ترقی اور جمہوری استحکام کے ایک نئے سال میں داخل ہو چکا ہے، 2018 کا سورج پاکستان کی ترقی، عام آدمی کی خوشحالی اور جمہوریت کے استحکام کی نوید لے کر طلوع ہوا ہے۔

پیر کو نئے سال 2018 کے آغاز پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ نیا سال اس بات کاگواہ ہو گا کہ ہم تاریخ کے ایک صفحے کو پلٹ کر عصر حاضر کے چیلنجوںپر قابو پانے کے نئے عزم کے ساتھ ایک نئے سفر پر گامزن ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں دہشت گردی کے دن گنے جا چکے ہیں اور 2018 پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا سال ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

ملک کے دفاع، سالمیت اور سلامتی کے لئے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات اور قربانیاں لائق تحسین ہیں۔

پوری قوم شہدا کے خاندانوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ پاکستانی قوم مستقل مزاجی سے پیش قدمی کرتے ہوئے ملک کو درپیش چیلنجوں پر قابو پالے گی۔ انہوں نے پوری قوم سے اپیل کی کہ بابائے قوم قائد اعظم کے ایمان، اتحاد اور تنظیم کے زریں اصولوں پر متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ نوجوان نسل اپنی مہارت اور صلاحیتوں کو بروئے کا لا کر ملک کو ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور میں داخل کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ پاکستان ایک پر امن جنوبی ایشیا کے لئے پر عزم ہے اور خطے میں امن کے قیام کے لئے خطے کے دیگر ممالک سے اس سلسلہ میں تعاون جاری رکھے گا۔