ملک بھر میں اعلی تعلیم اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے کو بہتربنانے کیلئے 12.2ارب روپے کے منصوبوں کی منظوری

ویژن 2025 پروگرام کے تحت نوجوان نسل کو تعلیمی انقلاب کے ذریعے بہترین مستقبل سے ہمکنار کرنا اولین مشن ہے ، سرتاج عزیز

پیر 1 جنوری 2018 15:39

ملک بھر میں اعلی تعلیم اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے کو بہتربنانے کیلئے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جنوری2018ء) سنٹرل ڈیویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے ملک بھر میں اعلی تعلیم اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے کو بہتربنانے کیلئے 12.2ارب روپے مختلف منصوبوں کی منظوری دیدی ہے جبکہ ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کے ویژن 2025 پروگرام کے تحت نوجوان نسل کو تعلیمی انقلاب کے ذریعے بہترین مستقبل سے ہمکنار کرنا وفاقی حکومت کا اولین مشن ہے ،وفاقی حکومت مقامی سطح پر اعلی تعلیمی اداروں کا ایک نیٹ ورک قائم کرتے ہوئے عوامی سہولتوں میں اضافہ کی راہ پر گامزن ہے ،ویژن 2025 میں تعلیمی ترقی کو اولین حیثیت دی گئی ہے ،پاکستان کے تمام اضلاع کی سطح پر سب کیمپس کا قیام علاقائی ترقی کی راہ پر ایک اہم قدم ثابت ہو گا۔

پیر کو سنٹرل ڈیویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے ملک بھر میں اعلی تعلیم اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے کو بہتربنانے کے لئے مختلف منصوبوں کی منظوری دی ہے،اجلاس میں 12.2 ارب روپے مالیت کے منصوبوں کی منظوری دی گئی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبے میں خواتین کی فلاح و بہبود اور تعلیم کو مد نظر رکھتے ہوئے ملک کے مختلف اضلاع میں بہترین تعملیمی سہولیات اور اور تعلیمی اداروں میں طالبات کی رہائش کے لئے ہاسٹلز بنانے کے لئے حکمت عملی اختیار کی گئی اور کئی اہم فیصلے لئے گئے جن میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے ضلع اوکاڑہ کی تحصیل دیپالپور میں قائم فیصل آباد زرعی یونیورسٹی کے ذیلی کیمپس کے قیام کے لئے 88کروڑ 92لاکھ 91ہزار روپے کی لاگت کا منصوبہ پش جسے اجلاس نے منظور کر لیا۔

ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے سرگودھا یونیورسٹی اور میانوالی اور بھکر میں قائم ذیلی کیمپس کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے اور مضبوط کرنے کے لئے ایک ارب 54کروڑ 86 ہزارروپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا جس کو اجلا س نے منظور کر لیا۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے تیسرا منصوبہ کراچی میں پاکستان کی پہلی لا یونیورسٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو میں ہاسٹل اور تعلیمی انفراسٹرکچر کی تعمیر کیلئے 76 کرور 30لاکھ 23ہزار روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا جس کو اجلاس نے منظور کر لیا۔

اجلاس میں ہائیر ایجویشن کمیشن نے چوتھا منصوبہ سندھ جامشورو یونیورسٹی میں جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور اپ گریڈیشن کیلئے ایک ارب 61کروڑ 74لاکھ 27 ہزار روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا جس کو اجلاس نے منظور کر لیا۔ اجلاس میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے حیدر آباد سندھ میں وفاقی اردو یونیورسٹی کے قیام کے لئے ایک ارب 91کروڑ 26لاکھ 2ہزار روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا جس کو اجلاس نے منظور کر لیا گیا ہے۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے ملک میں اعلی تعلیم کی فراہمی میں مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :