اسرائیل کی اقتصادی شرح نمو میں گذشتہ سال کے دوران ایک فیصد کمی

پیر 1 جنوری 2018 15:36

تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جنوری2018ء)اسرائیل نے کہا ہے کہ 2017 کے دوران اس کی اقتصادی شرح نمو کم ہوکر 3 فیصد رہی جس کی وجہ صارفین کی جانب سے خریداری اور سرمایہ کاری میں کمی ہے۔قومی ادارہ برائے اعداد و شمار کی جانب سے جاری 11 ماہ کی بنیاد پر عبوری رپورٹ کے مطابق 2017 کے دوران اسرائیل کی اقتصادی شرح نمو میں کمی ہوئی جو 3 فیصد رہی ،2016 کے دوران اقتصادی شرح نمو 4 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

سال کے دوران مجموعی قومی آمدنی 1.26 ٹریلین شیکل (362 ارب ڈالر) رہی ، فی کس آمدنی میں صرف 1 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔سال کے دوران صارفین کی جانب سے اخراجات میں اضافہ 3 فیصد جبکہ سرمایہ کاری میں اضافہ 2.7 فیصد رہا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ سال کے دوران خدمات کی برآمد میں اضافہ جاری رہا جو کل برآمدات کا 44 فیصد رہا۔2016 میں خدمات کی برآمد کل برآمدات کا 36 فیصد رہی تھی۔بینک آف اسرائیل نے 2018 کے دوران ملکی اقتصادی شرح نمو 3.3 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔۔