نوجوان خطاطوں کے درمیان قومی مقابلہ حسن خطاطی آئندہ ماہ اسلام آباد میں ہوگا

چاروں صوبوں، آزادکشمیر، گلگت بلتستان اور فاٹا کے نوجوان خطاط حصہ لے سکیں گے، منتخب فن پاروں کی نمائش ہوگی وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی کے زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ

پیر 1 جنوری 2018 15:14

نوجوان خطاطوں کے درمیان قومی مقابلہ حسن خطاطی آئندہ ماہ اسلام آباد ..
اسلام آباد ۔ یکم جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جنوری2018ء) قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کے زیراہتمام نوجوان خطاطوں کے درمیان قومی مقابلہ حسن خطاطی آئندہ ماہ اسلام آباد میں منعقد ہوگا جس میں چاروں صوبوں کے علاوہ آزادکشمیر، گلگت بلتستان اورقبائلی علاقہ جات (فاٹا) سے نوجوان خطاط اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے،اس موقع پرمنتخب کردہ فن پاروں کی نمائش کی جائے گی۔

یہ فیصلہ وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی کی زیرصدارت پیر کے روز قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کے افسران کے اجلاس میں کیاگیا۔اس موقع پر عرفان صدیقی نے کہا کہ قومی مقابلہ حسن خطاطی کو برصغیرجنوبی ایشیاء کے عظیم خطاط عبدالمجید پرویں رقم کے نام سے منسوب کیاجارہا ہے جنہیں شاعر مشرق علامہ اقبال کے کلام کی کتابت کا منفرد اعزاز حاصل ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ مقابلہ حسن خطاطی میں 35 سال کی عمر تک کے افراد حصہ لے سکیں گے، ہم چاہتے ہیں کہ خواتین بھی اس مقابلہ میں بھرپور حصہ لیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس مقابلے کا مقصد ملک بھر کے نوجوان خطاطوں کی حوصلہ افزائی ہے۔عرفان صدیقی نے کہاکہ خطاطی اسلامی فنون میں سب سے نمایاں حیثیت رکھتی ہے لیکن ماضی میں سرکاری سطح پر اس فن کی سرپرستی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ فروغ قومی زبان میں شعبہ خطاطی کا قیام اس فن کے فروغ کے لئے ایک اہم پیش رفت ہے۔ اس مقابلے میں شامل فن پاروں کی نمائش 23 سے 28 فروری2018ء تک اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔ خطاطی کے تین مختلف شعبوں کے لئے پندرہ انعامات رکھے گئے ہیں۔ بہترین فن پاروں کے انتخاب کے لئے سینئر خطاطوں پر مشتمل مختلف کمیٹیاںبھی قائم کردی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :