بہاریہ مکئی کی کاشت کابہترین وقت آخرفروری تک ہے، زرعی ماہرین

پیر 1 جنوری 2018 15:09

فیصل آباد۔یکم جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جنوری2018ء)ماہرین زراعت نے کہا ہے کہ بہاریہ مکئی کی کاشت کابہترین وقت 15 جنوری سے فروری کے آخر تک ہے۔کاشتکار وں کوترقی دادہ سنتھیٹک اور ہائبرڈ اقسام کی کاشت کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ وہ بہاریہ مکئی کی اچھی پیداوار حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکیں۔ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ چونکہ بہاریہ مکئی کی بوائی 15 جنوری سے شروع ہو گی اس لئے کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ ابھی سے بہاریہ مکئی کی کاشت کیلئے منصوبہ بندی شروع کردیں تاکہ فصل کی کاشت میں تاخیر نہ ہو۔

ایک ملاقات کے دوران انہوںنے کہاکہ مکئی اپنی پیداواری صلاحیت کی وجہ سے غلہ دار اجناس میں بڑی اہمیت کی حامل ہے جو پاکستان میں گندم اور چاول کے بعد رقبہ کے لحا ظ سے تیسرے نمبرپر کاشت ہونے والی فصل جبکہ فی ایکڑ اوسط پیداوار میں پہلے نمبر پر ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ مکئی کی ایک سال میں 2کامیاب فصلیں موسم خریف اور موسم بہارمیں کاشت کی جاتی ہیں جس سے غلہ کی پیداوار میں خاطرخواہ اضافہ ہواہے ۔

انہوںنے کہاکہ بہاریہ مکئی کی کاشت کیلئے ایسی بھاری میرازمین کا انتخاب ضروری ہے جو پانی کو بخوبی جذب کرنے کی صلاحیت کے علاوہ 7.5 پی ایچ کے قریب ہو ۔ انہوںنے کہاکہ ایسی زمین جس میں برسیم یا آلو کاشت کیے گئے ہوں وہاں مکئی کی فصل بہتر نشو ونما پاتی ہے تاہم کلراٹھی ، ریتلی ، سیم زدہ اور 8.0 سے زائد پی ایچ کی حامل زمین بہاریہ مکئی کی کاشت کیلئے موزوں نہیں۔