وزارت سیفران نے افغان مہاجرین کی واپسی کیلئے ایک سال کی توسیع کے حوالے سے سمری وزیر اعظم کو ارسال کر دی

2017 میں رضا کارانہ واپسی پروگرام میں صرف 48 ہزار افغان مہاجرین شامل تھے ،ْ 2016میں ملک جانے والوں کی تعداد چار لاکھ تھی

پیر 1 جنوری 2018 15:02

وزارت سیفران نے افغان مہاجرین کی واپسی کیلئے ایک سال کی توسیع کے حوالے ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2018ء) وفاقی وزارت مملکت برائے فرنٹیئرریجن (سیفران) نے افغان مہاجرین کی واپسی میں ایک سال کی توسیع کے حوالے سے سمری وزیراعظم سیکرٹریٹ کو ارسال کردی۔وزارت سیفران کے عہدیدار نے بتایا کہ سمری میں تجویز پیش کی گئی ہے کہ افغان مہاجرین کو دسمبر 2018 تک ملک میں رہنے کی قانونی اجازت دی جائے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں مقیم 1 کروڑ 40 لاکھ افغان مہاجرین کے قیام کی قانونی حیثیت اتوار کو ختم ہو گئی تھی۔سیفران کے ذمہ دارن نے بتایا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے آئندہ دو ہفتوں کے اندر کابینہ کی سفارش پر افغان پناہ گزینوں کو توسیع دینے کا قوی امکان ہے ،ْخیال رہے کہ پاکستان میں افغان مہاجرین کے قیام میں 5 مرتبہ توسیع دی جا چکی ہے۔

(جاری ہے)

حکومت نے افغان مہاجرین کی ملک میں قانونی حیثیت کو برقرار رکھنے کیلئے پروف آف رجسٹریشن (پی او آر) کارڈ جاری کیے تھے تاکہ سیکیورٹی اداروں کی جانب سے انہیں ہراساں نہ کیا جا سکے، پی اور آر کارڈ کا اجرا اقوام متحدہ کے مہاجرین ایجنسی کے تعاون سے کیا گیا تھا۔ حکام کے مطابق یو این ایجنسی نے رضاکارانہ طور پر افغانستان جانے والے مہاجرین کو 200 ڈالر فی کس زرِتعاون دیا جبکہ 2016 میں یہ رقم 400 ڈالر فی کس تھی۔

انہوںنے کہاکہ گزشتہ برس 2017 میں رضا کارانہ واپسی پروگرام میں صرف 48 ہزار افغان مہاجرین شامل تھے جبکہ 2016 میں اپنے ملک جانے والے والوں کی تعداد 4 لاکھ پر مشتمل تھی۔افغانستان میں موسم سرما کی وجہ سے اکتوبر 2017 کو رضا کارانہ واپسی پروگرام کو معطل کردیا تھا اور کہا جارہا ہے کہ مارچ 2018 میں دوبارہ پروگرام کا آغاز ہوگا تاہم سال کے آخرتک بھی مہاجرین کی مکمل واپسی ممکن نہیں ہو سکے گی۔

ذرائع کے مطابق افغانستان میں نازک سیکیورٹی صورتحال اور معاشی بحران کی وجہ سے حکومت رواں برس کے بعد بھی افغان مہاجرین کی ملک میں قیام کیلئے مزید دو بار توسیع دے سکتی ہے۔نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے افغان مہاجرین کی رجسٹریشن مہم میں گزشتہ چھ ماہ میں 6 لاکھ 70 ہزار کو رجسٹر کیا۔ذرائع کے مطابق ملک بھر میں نادرا کے 21 ذیلی دفاتر میں افغان رجسٹریشن سینٹر قائم ہیں۔