نوجوان خطاطوں کے درمیان قومی مقابلہ حسن خطاطی آئندہ ماہ اسلام آباد میں منعقد ہوگا ،عرفان صدیقی

پیر 1 جنوری 2018 14:39

نوجوان خطاطوں کے درمیان قومی مقابلہ حسن خطاطی آئندہ ماہ اسلام آباد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 جنوری2018ء) قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کے زیراہتمام نوجوان خطاطوں کے درمیان قومی مقابلہ حسن خطاطی آئندہ ماہ اسلام آباد میں منعقد ہوگا جس میں چاروں صوبوں کے علاوہ آزادکشمیر، گلگت بلتستان اورقبائلی علاقہ جات (فاٹا) سے نوجوان خطاط اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے اورمنتخب کردہ فن پاروں کی نمائش کی جائے گی۔

یہ فیصلہ وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی کی زیرصدارت قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کے کے افسران کے اجلاس میں پیر کو کیاگیا۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ قومی مقابلہ حسن خطاطی کو برصغیرجنوبی ایشیاء کے عظیم خطاط عبدالمجید پرویں رقم کے نام سے منسوب کیاجارہا ہے جنہیں شاعر مشرق علامہ اقبال کے کلام کی کتابت کا منفرد اعزاز حاصل ہوا۔

(جاری ہے)

مقابلہ حسن خطاطی میں 35 سال کی عمر تک کے افراد حصہ لے سکیں گے۔

ہم چاہتے ہیں کہ خواتین بھی اس مقابلہ میں بھرپور طورپر حصہ لیں۔ اس مقابلے کا مقصد ملک بھر کے نوجوان خطاطوں کی حوصلہ افزائی ہے۔عرفان صدیقی نے کہاکہ خطاطی اسلامی فنون میں سب سے نمایاں حیثیت رکھتی ہے لیکن ماضی میں سرکاری سطح پر اس فن کی سرپرستی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ فروغ قومی زبان میں شعبہ خطاطی کا قیام اس فن کے فروغ کے لئے ایک اہم پشیرفت ہے۔ اس مقابلے میں شامل فن پاروں کی نمائش 23 سے 28 فروری2018 تک اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔ خطاطی کے تین مختلف شعبوں کے لئے پندرہ انعامات رکھے گئے ہیں۔ بہترین فن پاروں کے انتخاب کے لئے سینئر خطاطوں پر مشتمل مختلف کمیٹیاںبھی قائم کردی گئی ہیں۔