پیپلز پارٹی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف توجہ دلائو نوٹس قومی اسمبلی میں جمع کرادیا

پیر 1 جنوری 2018 14:39

پیپلز پارٹی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف توجہ دلائو ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 جنوری2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف توجہ دلائو نوٹس قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرادیا‘ توجہ دلائو نوٹس میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے اپنی جیبیں بھرنے کے لئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ملک میں مہنگائی کا طوفان آئے گا۔

پیر کو پیپلز پارٹی کے ارکان قومی اسمبلی سید نوید قمر‘ ڈاکٹر نفیسہ شاہ‘ شازیہ مری‘ اعجاز حسین جاکھرانی‘ سید غلام مصطفی شاہ اور عمران ظفر لغاری کے دستخطوں پر مشتمل توجہ دلائو نوٹس قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرایا گیا جس میں کہا گیا کہ وفاقی وزیر پٹرولیم کی توجہ عوامی اہمیت کے انتہائی اہم معاملے کی طرف مبذول کروانا چاہتے ہیں جس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

حکومت کے اس اقدام سے مہنگائی میں اضافہ اور پہلے سے مہنگائی کا شکار عوام پر ایک اور بوجھ ہوگا۔ توجہ دلائو نوٹس میں مزید کہا گیا کہ پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں دیگر ممالک کی نسبت پہلے ہی زیادہ ہیں۔ عوامی حکومت عوام کو ریلیف دینے کی بجائے اپنی جیبیں بھرنے کے لئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کررہی ہے۔ یہ انتہائی اہمیت کا معاملہ ہے اس پر فوری توجہ دی جائے۔