خورشید شاہ کا سال نو پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میںاضافے پر افسوس،

حکومتی پالیسیوں کی ناکامی قرارا دیدیا مہنگائی اور بے روزگاری کی موجودہ فضا میں پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ ظلم ہے،ہم کسی صورت عوام پر یہ ظلم نہیں ہونے دیں گے،حکومت پہلے ہی پٹرولیم مصنوعات پر ناجائز ٹیکس لگا کر عوام کی جیبوں سے اربوں روپئے نکال رہی ہے، اب قیمتیں بڑھا کر عوام کیلئے مہنگائی کا نیا طوفان کھڑا کردیا ہے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کا بیان

پیر 1 جنوری 2018 14:35

خورشید شاہ کا سال نو پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میںاضافے پر افسوس،
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 جنوری2018ء) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے سال نو کے آغاز پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میںاضافے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے حکومتی پالیسیوں کی ناکامی قرارا دیدیا۔خورشید شاہ نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری کی موجودہ فضا میں پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ ظلم ہے اور ہم کسی صورت عوام پر یہ ظلم نہیں ہونے دیں گے،حکومت پہلے ہی پٹرولیم مصنوعات پر ناجائز ٹیکس لگا کر عوام کی جیبوں سے اربوں روپئے نکال رہی ہے اور اب قیمتیں بڑھا کر عوام کیلئے مہنگائی کا نیا طوفان کھڑا کردیا ہے۔

پیر کو اپنے ایک بیان میںقائد حزب اختلاف قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ نے سال نو کے آغاز پر پٹرول، ڈیزل، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں بے انتہا اضافے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور اسے حکومتی پالیسیوں کی ناکامی قرارا دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری کی موجودہ فضا میں پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ ظلم ہے اور ہم کسی صورت عوام پر یہ ظلم نہیں ہونے دیں گے۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ حکومت نے ملک و قوم پر اندرونی اور بیرونی قرضوں کا ناقابل برداشت بوجھ لاد رکھا ہے جس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے وہ دعوے کدھر ہیں کہ مالیاتی ریزرو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح کو چھو رہے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ حکومت پہلے ہی پٹرولیم مصنوعات پر ناجائز ٹیکس لگا کر عوام کی جیبوں سے اربوں روپئے نکال رہی ہے اور اب پٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتیں بڑھا کر عوام کیلئے مہنگائی کا نیا طوفان کھڑا کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام پر یہ دوہرا عذاب نازل نہیں ہونے دے گی اور حکومت کے صحت ، تعلیم ، ترقی اور خوشحالی کے جھوٹے دعووں کو بے نقاب کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام ہر شعبہ زندگی میں محرومی کا شکار ہیں اور قرضوں میں بدترین اضافے کو دیکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ حکومتی پالیسیوں کا انجام بخیر نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پٹرول ، ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر واپس لے۔