بھارت نے پاکستان سے کرکٹ سیریز کے حوالے سے ایک مرتبہ پھر راہ فرار اختیار کرلی

سرحدی کشیدگی کے باعث پاک بھارت کرکٹ نہیں ہو سکتی ،ْبھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج

پیر 1 جنوری 2018 13:47

بھارت نے پاکستان سے کرکٹ سیریز کے حوالے سے ایک مرتبہ پھر راہ فرار اختیار ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2018ء) بھارت نے پاکستان سے کرکٹ سیریز کے حوالے سے ایک مرتبہ پھر راہ فرار اختیار کرلی اور وزیرخارجہ سشما سوراج نے پاک بھارت کرکٹ سیریز نہ ہونے کا عندیہ دیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ہمسایہ ممالک سے تعلقات پر نظرثانی سے متعلق کمیٹی کا اجلاس ہوا جس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لئے کرکٹ سیریز کے انعقاد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کے دوران وزیر خارجہ سشما سوراج نے پاک بھارت کرکٹ سیریز کے ماضی قریب میں انعقاد پر کہا کہ سرحد پر کشیدگی کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ سیریز نہیں ہوسکتی تاہم انسانی بنیاد پر قیدیوں اور خواتین کی رہائی جیسے اقدامات اٹھائے جاسکتے ہیں۔ بھارتی وزیر خارجہ نے الزام عائد کیا کہ پاکستان کی جانب سے سرحدی معاہدے کی 800 سے زائد مرتبہ خلاف ورزی کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

سشما سوراج نے کہا کہ سرحد پر فائرنگ کے بڑھتے واقعات اور موجودہ حالات دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ سیریز کے لئے راہ ہموار نہیں کرتے۔خیال رہے کہ بھارت نے حال ہی میں ایشیا کپ کی میزبانی سے اس لئے صاف انکار کردیا تھا کہ اسے پاکستان کرکٹ ٹیم کی بھی میزبانی کرنا پڑتی جب کہ بی سی سی آئی حکام کا کہنا تھا کہ پاکستان کی موجودگی میں ایشیا کپ کی میزبانی نہیں کرسکتے۔پاک بھارت کشیدگی کے باوجود قومی کرکٹ ٹیم دو مرتبہ بھارت سے سیریز کھیل چکی ہے تاہم بھارت نے معاہدے کے باوجود گرین شرٹس سے سیریز نہیں کھیلی۔

متعلقہ عنوان :