پاکستان کے ساتھ مستقبل قریب میں سیریز کا کوئی امکان نہیں :سشما سوراج

پیر 1 جنوری 2018 12:32

پاکستان کے ساتھ مستقبل قریب میں سیریز کا کوئی امکان نہیں :سشما سوراج
نئی دہلی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔یکم جنوری2018ء)پاکستان اور بھارت کے کرکٹ شائقین کو دونوں روایتی حریفوں کے مابین اگلی سیریز کا بے صبری سے انتظار ہے تاہم بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بار پھر مستقبل قریب میں دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کو خارج از امکان قرار دے دیا ہے ۔ نئی دہلی میں ایک میٹنگ کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سشما سوراج کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے کنٹرول لائن پر بار بار فائرنگ کے باعث فی الحال دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ سیریز کا کوئی امکان نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

بھارت اور پاکستان آئی سی سی ٹورنامنٹس میں تو کھیل رہے ہیں تاہم بھارت گزشتہ کئی سال سے پاکستان کیخلاف سیریز کھیلنے سے انکار ی ہے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے حال ہی میں اعتراض اٹھایا ہے کہ آئی سی سی کے نئے فیو چر ٹور پروگرام میں پاکستان اور بھارت کے مابین کو ئی سیریز شیڈول نہیں ہے ۔پی سی بی کی جانب سے ایک آفیشل پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ وہ بھارت کے ساتھ سیریز کھیلنے کے لیے اس فیوچر ٹور پروگرام کو چیلنج کریں گے ۔ یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے مابین آخری مکمل سیریز 2007ءمیں بھارت میں کھیلی گئی تھی۔