ْالائی میں آلودہ پانی پینے سے ہونے والی مہلک بیماری سے تین خواتین جاں بحق، درجنوں متاثر

محکمہ صحت کی ٹیموں نے الائی پہنچ کر متاثرہ افراد کا علاج معالجہ شروع کر دیا ہے، ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

پیر 1 جنوری 2018 10:31

بٹگرام۔ یکم جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جنوری2018ء) تحصیل الائی میں مہلک بیماری سے تین خواتین جاں بحق اور درجنوں متاثر ہو گئیں۔ محکمہ صحت کی ٹیمیں الائی پہنچ گئیں، الائی کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، آئیسولیشن وارڈ قائم کر دیا گیا ہے، مہلک بیماری سے بچائو کیلئے محکمہ صحت بٹگرام تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار ڈی ایچ او محمد خان آفریدی اور ڈی ڈی ایچ او گل شہزادہ خان نے یہاں صحافیوں کو بتایا کہ ضلع بٹگرام کی دوسری تحصیل الائی کے علاقہ نوگرام میں مہلک بیماری سے ایک ہفتہ کے دوران تین خواتین موت کے منہ میں چلی گئی ہیں جبکہ درجنوں متاثرہ خواتین ایوب میڈیکل کمپلیکس میں زیر علاج ہیں۔ ڈپٹی ڈی ایچ او بٹگرام گل شہزادہ خان نے بتایا کہ تحصیل الائی کے علاقہ نوگرام میں مہلک بیماری جسے ایوب میڈیکل کمپلیکس ایبٹ آباد نے اے سیپٹک میننجائٹس کے نام سے رپورٹ کی ہے، سے بی بی شاکرہ، ریحانہ بی بی، فائرہ بی بی اور روبینہ سمیت دیگر متاثر ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت کے مطابق اس بیماری کے علامات میں سردرد، بخار اور گلے کا درد شامل ہیں۔ محمد خان آفریدی اور ڈاکٹر گل شہزادہ نے بتایا کہ بیماری کی جانچ کیلئے محکمہ صحت بٹگرام کی ٹیمیں الائی پہنچ گئی ہیں اور باقاعدہ طور پر فری میڈیکل کیمپوں کا انعقاد کیا گیا ہے، بیماری سے بچائو کیلئے ای پی آئی کی ٹیمیں گھر گھر کا دورہ کریں گی اور ویکسی نیشن کے ساتھ ساتھ اس موذی مرض سے بچائو کیلئے عوام کو ادویات فراہم کی جائیں گی۔

محکمہ صحت کے مطابق نوگرام کے لوگ جو پانی پیتے ہیں وہ انتہائی گندا ہے جس میں جانور بھی پانی پیتے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں میں یہ مرض منتقل ہوا ہے۔ مقامی افراد نے ضلعی انتظامیہ اور ضلع ناظم بٹگرام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نوگرام کے عوام کیلئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے مقامی سطح پر واٹر سپلائی سکیم شروع کی جائے ۔

متعلقہ عنوان :