مری روڈ اور مانسہرہ روڈ توسیع میں تاخیر، جماعت اسلامی ایبٹ آباد نے احتجاج کی کال دیدی

پیر 1 جنوری 2018 10:31

․ ایبٹ آباد۔ یکم جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جنوری2018ء) ایبٹ آباد کے حلقہ پی کی44- سے جماعت اسلامی کے امیدوار امجد خان نے مری روڈ اور مانسہرہ روڈ توسیع میں تاخیر اور سوئی گیس پریشر میں کمی اور تاجر تنظیموں میں صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن مشتاق غنی کے مداخلت کے خلاف احتجاج کی کال دیدی۔ بار کلب ایبٹ آباد میں بڑے مشاورتی جرگہ کے دوران چار قراردادیں پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت میں وزارت کیلئے بھاگ دوڑ کرنے والے مقامی رکن صوبائی اسمبلی گذشتہ 70 سال کی پسماندگی کا رونا روتے ہیں حالانکہ گذشتہ 15 سال سے وہ عوام کے سروں پر مسلط ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مشتاق غنی نے میڈیا نمائندوں اور اور عمائدین کی معیت میں مری روڈ کی تعمیر مکمل ہونے کی یقین دہانی کروائی تھی مگر 31 دسمبر کو مذکورہ مہلت ختم ہو چکی ہے لہذا اب ہم عوام کی طاقت سے ٹھیکیدار کو 24 گھنٹے کام پر مجبور کر کے یہ کام مکمل کروائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ اپنی جگہ اہم ہے مگر این ایچ اے کو مانسہرہ روڈ کی توسیع کیلئے بھی حتمی اعداد و شمار اور دورانیہ کا تعین کرنا ہو گا۔

سوئی گیس لوڈ شیڈنگ پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہزارہ کو گیس مہیا کرنے والی گیس لائن سے 8 انچ قطر کی پائپ لائن کی اسلام آباد کو سپلائی سے ایبٹ آباد میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے محکمہ سوئی گیس کو تنبیہ کی کہ مذکورہ لائن کو ختم کر کے ہزارہ کو گیس کی مکمل سپلائی بحال کی جائے۔ انہوں نے آل ٹریڈرز یونین میں صوبائی وزیر مشتاق احمد غنی کی مداخلت پر بھی کڑی تنقید کی اور انہیں اس سے باز رہنے کو کہا۔ انہوں نے جرگہ شرکاء سے مری روڈ اور مانسہرہ روڈ، سوئی گیس کمی اور آل ٹریڈرز ایسوسی ایشن مداخلت کے خلاف احتجاج کی قرادادوں پر تائید حاصل کی اور جلد احتجاج کی کال دینے کا اعلان کیا۔

متعلقہ عنوان :