عوام آئندہ انتخابات میں اپنے ووٹ کی قوت سے کرپٹ اور سیکولر حکمرانوں کو اقتدارکے ایوانوں سے بے دخل کردیں ،عوام کو غربت ، جہالت ، مہنگائی اور بے روزگاری کا تحفہ دینے والوں سے اب پچھلے تمام حساب برابر کرنے کا وقت آگیاہے، عوام حرام کی دولت سے بنائے گئے بنگلوں کا طواف چھوڑ کر اپنے مستقبل کی فکر کریں ، عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے ہی اپنی آئندہ نسلوں کو ایک کرپشن فری خوشحال اور محفوظ پاکستان دے سکتے ہیں ، جماعت اسلامی ملک سے ہر طرح کی کرپشن کا خاتمہ چاہتی ہے ،مالی کرپشن کے ساتھ ساتھ اخلاقی اور نظریاتی کرپشن کا خاتمہ بھی ضروری ہے، ملک کو عالمی سامراج کی ڈکٹیشن پر چلانے اور ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف کے حکم پر مہنگائی کا کوڑا برسانے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا ہوسٹن میں استقبالیہ سے خطاب / میڈیا گفتگو

اتوار 31 دسمبر 2017 20:01

ہوسٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 31 دسمبر2017ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ عوام آئندہ انتخابات میں اپنے ووٹ کی قوت سے کرپٹ اور سیکولر حکمرانوں کو اقتدارکے ایوانوں سے بے دخل کردیں ۔ عوام کو غربت ، جہالت ، مہنگائی اور بے روزگاری کا تحفہ دینے والوں سے اب پچھلے تمام حساب برابر کرنے کا وقت آگیاہے ۔ عوام حرام کی دولت سے بنائے گئے بنگلوں کا طواف چھوڑ کر اپنے مستقبل کی فکر کریں ۔

عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے ہی اپنی آئندہ نسلوں کو ایک کرپشن فری خوشحال اور محفوظ پاکستان دے سکتے ہیں ۔ جماعت اسلامی ملک سے ہر طرح کی کرپشن کا خاتمہ چاہتی ہے ۔ مالی کرپشن کے ساتھ ساتھ اخلاقی اور نظریاتی کرپشن کا خاتمہ بھی ضروری ہے ۔ ملک کو عالمی سامراج کی ڈکٹیشن پر چلانے اور ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف کے حکم پر مہنگائی کا کوڑا برسانے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے برطانیہ کے شہر ہوسٹن میں پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی محمد اصغر بھی موجود تھے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی کی دیانت دار قیادت ہی ملک کو موجودہ بحران سے نکال سکتی ہے ۔

70سال میں بار بار اقتدار میں آنے والوں نے ملک اور بیرون ملک اپنے لیے عالی شان بنگلے تعمیر کیے ، ان کے کاروبار باہر ہیںمگر ملک میں لاکھوں لوگ چھت سے محروم ہیں ۔ملک میں دو کروڑ بچے تعلیم سے محروم ہیں ۔ تعلیمی ا داروں اور سرکاری ہسپتالوں میں عام آدمی کے لیے نہ تعلیم ہے اور نہ علاج ۔ حکمران ترقی اور خوشحالی کے بڑے دعوے کرتے ہیں مگر وہ زمینی حقائق کو نہیں دیکھتے جہاں لاکھوں بچے ورکشاپوں ، سائیکل کی دکانوں ، چائے کے کھوکھوں اورہوٹلوں میں مزدوری کرنے پر مجبور ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان کو اللہ نے بے پناہ وسائل سے نوازا ہے لیکن یہ وسائل عوام کی محرومیوں کو دور کرنے کی بجائے حکمرانوں کے عیش و عشرت اور آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے قرضوں کا سود دینے پر خرچ ہورہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ جب تک عام آدمی کو ضروریات زندگی سستے داموں دستیاب نہیں ہوں گی اور غریب کے بچے کو تعلیم اور علاج کی سہولتیں نہیں ملتیں ، ترقی کے کھوکھلے نعروں سے دنیا کی نظر میں دھول نہیں جھونکی جاسکتی ۔

انہوںنے کہاکہ ملک سے کرپشن کا خاتمہ ہو جائے تو ملک و قوم کے تمام دلدر دور ہوسکتے ہیں ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ آئندہ انتخابات عوام کے لیے ایک بڑا امتحان ہوں گے ۔ ایم ایم اے کی صورت میں ایک طرف ملک کی تمام بڑی دینی جماعتیں ہوں گی جبکہ ان کے مقابلے میں عالمی سامراج کی غلام سیکولر ازم اور لبرل ازم کی داعی سیاسی جماعتیں ہوں گی ۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ و سابقہ حکمران عوام کو ریلیف دینے اور ملک کو ایک مضبوط اور مستحکم بنیاد فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوئے ہیں ۔

آزمائے ہوئوں کو بار بار آزمانا خود فریبی کے سواکچھ نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی ملک کی واحد حقیقی جمہوری اور پروگریسو جماعت ہے ، جس کی دیانتداری ہر قسم کے شک و شبہ سے بالاتر ہے ۔ ہمارے ڈیڑھ سو سے زائد کارکنان قومی و صوبائی اسمبلیوں اور سینیٹ و بلدیاتی نظام میں ممبران رہے اور کراچی جیسے بڑے شہر کے تین بار ناظم رہے مگر ہمارے دامن پر ہمارے سیاسی مخالفین بھی کرپشن کا کوئی دھبہ تلاش نہیں کر سکے ۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی ملک میں نظام مصطفیٰؐ کے نفاذ کی جدوجہد کر رہی ہے ۔ ملک کے مسائل کا واحد حل ملک میں شریعت کے نظام کی بالادستی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے کبھی بھی آئین و قانون کی بالادستی اور عدلیہ کی آزادی کو دل سے تسلیم نہیں کیا ۔