مقبوضہ کشمیر، مجاہدین کا بھارتی پیرا ملٹری فورس کے کیمپ پر حملہ، 4 بھارتی فوجی ہلاک،2زخمی ،بھارتی فورسز کا 3حملہ آوروں کو مارنے کا دعویٰ

حملہ آوروں نے سی آر پی ایف کے کیمپ پرخودکار ہتھیاروں اور ہینڈ گرینڈ کا استعمال کیا ،حملے کے فوری بعد بھارتی فوجیوں نے پورے علاقے کا محاصرہ کرکے مزید 2 کشمیر نوجوان کو گولی ماردی، ضلع پلوامہ میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی منقطع

اتوار 31 دسمبر 2017 19:02

مقبوضہ کشمیر، مجاہدین کا بھارتی پیرا ملٹری فورس کے کیمپ پر حملہ، 4 بھارتی ..
سری نگر/نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 31 دسمبر2017ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پیرا ملٹری فورس کے کیمپ پر مجاہدین کے حملے میں 4 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے جبکہ بھارتی فورسز نے 3 حملہ آوروں کو مارنے کا دعویٰ کیا ہے ۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق بھارتی سیکیورٹی فورسز کے ترجمان کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں ضلع پلوامہ میں بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس(سی آر پی ایف) کے کیمپ پر مجاہدین کی جانب سے اتوار کی صبح حملے میں خودکار ہتھیاروں اور ہینڈ گرینڈ کا استعمال کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دس برسوں میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا بڑا حملہ تھا۔سی آرپی ایف کے ترجمان نے بتایا کہ 3فوجی اہلکار حملہ آوروں سے لڑائی میں ہلاک ہوئے جبکہ ایک اہلکار عارضہ قلب سے چل بسا۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق عسکریت پسندوں سے مقابلے میں 2 بھارتی فوجی زخمی بھی ہوئے۔ادھر میڈیا رپورٹس کے مطابق سی آر پی ایف کے کیمپ پر حملے کے فوری بعد بھارتی فوجیوں نے پورے علاقے کا محاصرہ کرتے ہوئے مجاہدین کی تلاش کے دوران مزید 2 کشمیر نوجوان کو گولی ماردی۔

اس دوران بھارتی انتظامیہ نے ضلع پلوامہ میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی منقطع کردی۔رپورٹ کے مطابق ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب کو تین عسکریت پسندوں نے حملے میں سی آر پی ایف کی بلڈنگ پرموجود درجنوں فوجیوں کو یرغمال بنا لیا تھا۔اس بارے میں تصدیق نہیں ہو پارہی کہ حملے کے وقت کیمپ میں کتنے بھارتی فوجی تھی۔واضح رہے کہ بھارتی فوجیوں کی جانب سے جیش محمد کے رہنما کو شہید کرنے کے بعد یہ پہلا بڑا حملہ ہے۔اعدادوشمار کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 10 برسوں میں رواں سال سب سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔حکام کے مطابق تقریبا 206 عسکریت پسند اور 57 شہری مارے گئے جبکہ 78 بھارتی سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے۔