واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانہ میں پاکستانی نژاد امریکی مسیحی افراد کی کرسمس منانے کے سلسلے میں تقریب

ہفتہ 30 دسمبر 2017 15:30

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 دسمبر2017ء) امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانہ میں پاکستانی نژاد امریکی مسیحی افراد کی کرسمس منانے کے سلسلے میں تقریبات منعقد ہوئیں جس پر مسیحی برادری کے آل نیبرز کے صدر ٹوم پیٹرک اور نائب صدرالیاس مسیح نے امریکا میں پاکستان کے سفیر اعزازاحمد چوہدری کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے کرسمس اور ایسٹرکے موقع پر تقریبات کے انعقاد کیلئے سفارتخانہ کے دروازے کھولے۔

(جاری ہے)

کرسمس کے موقع پر سفارتخانہ میں منقعدہ تقریب میں سفیر کی نمائندگی کرتے ہوئے ناظم الامور رضوان سعید شیخ نے مسیحی برادری کا خیرمقدم کیا اورکہا کہ سفارتخانہ نہ صرف مسیحی برادری کا خیرمقدم کرتا ہے بلکہ ان کی خوشیوں میں بھی شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قائداعظم محمد علی جناحؒ کے فرمودات اور احکامات کے مطابق تمام مذہبی اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے۔ رضوان شیخ نے کرسمس کے امن، پیار، امید اور معافی کے پیغام کو بھی سراہا اورکہا کہ اسلام کا مطلب ہی امن وسلامتی ہے لہذا دنیا بھر میں مذہبی ہم آہنگی امن وسلامتی کی ضامن ہے۔ تقریب میں عیسائیوں اوردیگرمذاہب کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور سفارتخانہ میں کرسمس تقریب کے انعقاد کے اقدام کو سراہا۔