Live Updates

وزیرخوراک بلال یاسین کا مختلف اضلاع میںشوگر ملوں کی مانیٹرنگ کا سلسلہ جاری

جھنگ، اٹھارہ ہزاری اور شورکوٹ کی شوگر ملز میں گنا کاشتکاروں کو فراہم کی گئی سہولیات کا جائزہ ڈپٹی کمشنر آفس سے بذریعہ ویڈیولنک کسانوں کے مسائل کے حل پر وزیر اعلیٰ شہباز شریف کوبریفنگ

جمعہ 29 دسمبر 2017 21:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 دسمبر2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر وزیرخوراک بلال یاسین نے مختلف اضلاع میںشوگر ملوں کی مانیٹرنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔ جمعہ کو انہوں نے جھنگ، اٹھارہ ہزاری اور شورکوٹ کی شوگر ملز میں گنا کاشتکاروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات ، وزن اور رقم کی ادائیگی کے معاملات کا جائزہ لیا۔ کاشتکاروں سے بات چیت میں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پنجاب گناکاشتکاروں کے مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ کریگی۔

کسی کو کسان کا استحصال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائیگی۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف جاری کرشنگ سیزن میں متعلقہ محکموں اور افسران کی طرف سے کئے گئے اقدامات کی براہ راست نگرانی کر رہے ہیں۔صوبائی وزیر نے گنے کے کاشتکاروں کے مسائل سنے اور فوری حل کیلئے ضلعی انتظامیہ، محکمہ خوراک اور دیگر متعلقہ حکام کو احکامات جاری کئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ گنے کی فروخت اور مڈل مین کے کردار کے خاتمے کے حوالے سے عملی اقدامات کرے اور ملوں کی انتظامیہ کی طرف سے وزن میں کمی اور ادائیگی میں تاخیراوررکاوٹ بارے کسانوں کی شکایات پرکا ازالہ بھی کیا جائے کیونکہ گنے کے کسانوں کے مسائل کے حل میں کسی قسم کی رکاوٹ ،سستی اور لا پرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی۔

اس موقع پرسیکرٹری کوآپریٹو صاحبزادہ شہریار سلطان، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ، متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر بھی موقع پر موجود تھے۔ قبل ازیں صوبائی وزیر خوراک بلال یٰسین نے ڈپٹی کمشنر آفس کے ویڈیولنک سسٹم کے تحت ضلع جھنگ میں گنے کے کسانوں کے مسائل کے حل کے حوالے سے اقدامات پر وزیر اعلیٰ شہباز شریف کوبریفنگ دی۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات