نیپرا سے جعلی اضافی بلوں کی شکایات کے تدارک کیلئے کراچی میں کھلی کچہری لگائے،

ایم کیو ایم نیپرا کی غفلت کی وجہ سے کراچی کے بجلی کے صارفین جعلی بلوں کی شکل میں کے الیکٹرک کو تاوان ادا کرنے پر مجبور ہیں، رابطہ کمیٹی

جمعہ 29 دسمبر 2017 20:04

نیپرا سے جعلی اضافی بلوں کی شکایات کے تدارک کیلئے کراچی میں کھلی کچہری ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 دسمبر2017ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے نیپرا کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ نیپرا کراچی کے بجلی کے صارفین کے حقوق کے تحفظ میں بری طرح سے ناکام رہا ہے ، نیپرا کا کردار صرف بجلی کے نرخوں میں اضافہ کرنا نہیں بلکہ یہ بھی دیکھنا ہے کہ ملک بھر میں بجلی کی کمپنیاں صارفین کے ساتھ زیادتی نہ کریں ۔

ایک بیان میں رابطہ کمیٹی پاکستان نے کہا کہ نیپرا کی قانونی ذمہ داری تھی کہ وہ یہ دیکھتی کہ کے الیکٹرک صارفین کیلئے وضع کردہ نیپرا کنزیومیر سروس مینویل پر عمل کررہی ہے یا نہیں ، نیپرا کی غفلت کی وجہ سے کراچی کے بجلی کے صارفین جعلی بلوں کی شکل میں کے الیکٹرک کو تاوان ادا کرنے پر مجبور ہیں ۔

(جاری ہے)

رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ نیپرا وضاحت کرے کہ کنزیومر سروس مینویل کا اطلاق کے الیکٹرک پر بھی ہوتا ہے یا نہیں یا کے الیکٹرک کو اس ضمن میں کوئی خصوصی استثنیٰ حاصل ہے ۔

رابطہ کمیٹی نے کہاکہ مختلف حیلے بہانوں سے کراچی کے صارفین کو اضافی بل بھیجے جارہے ہیں جس کا فوری نوٹس لئے جانے کی ضرورت ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے مگر اس کی آڑ میں ایماندار صارفین سے اضافی بل وصول نہیں کیے جانے چاہئیں اور اضافی بل قانون کے مطابق تیار کیے جانے چاہئیں ۔ رابطہ کمیٹی نے نیپرا سے مطالبہ کیا کہ جعلی اضافی بلوں کی شکایات کے تدارک کیلئے کراچی میں کھلی کچہری لگائے تاکہ عوام کو اس ضمن میں ریلیف مل سکے ۔