وفاقی حکومت کا بانی ایم کیو ایم کی بیرون ملک سے گرفتاری کیلئے برطانوی حکومت سے رابطے کا فیصلہ

الطاف حسین کو عمران فاروق قتل کیس میں برطانیہ سے مانگا جائے گا، برطانوی حکومت کی رضامندی پر عمران فاروق قتل کیس میں الطاف حسین کے ریڈ وارنٹ کے اجراء کیلئے انٹرپول سے بھی رابطہ کیا جائے گا،انٹرپول کراچی میں جلائو ‘ گھیرائو کے کیس میں الطاف حسین کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے سے معذرت کرچکا ہے

جمعہ 29 دسمبر 2017 16:57

وفاقی حکومت کا بانی ایم کیو ایم کی بیرون ملک سے گرفتاری کیلئے برطانوی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 دسمبر2017ء) وفاقی حکومت نے بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کی بیرون ملک سے گرفتاری کے لئے برطانوی حکومت سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘ الطاف حسین کو عمران فاروق قتل کیس میں برطانیہ سے مانگا جائے گاجبکہ برطانوی حکومت کی رضامندی پر عمران فاروق قتل کیس میں الطاف حسین کے ریڈ وارنٹ کے اجراء کے لئے انٹرپول سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔

انٹرپول کراچی میں جلائو ‘ گھیرائو کے کیس میں الطاف حسین کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے سے معذرت کرچکا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کو عمران فاروق قتل کیس میں پاکستان لانے کے لئے اعلیٰ سطح پر مشاورت جاری ہے۔ وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق برطانوی حکومت سے الطاف حسین کی حوالگی کا معاملہ پہلے بھی اٹھایا گیا ہے اور ایک بار پھر الطاف حسین کے خلاف موجود چارج شیٹ برطانوی محکمہ داخلہ سے شیئر کی جائے گی اور عمران فاروق قتل کیس میں الطاف حسین کو پاکستان کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پاکستان میں الطاف حسین کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات اور عدالتوں کی طرف سے انہیں اشتہاری قرار دینے کے فیصلے بھی برطانوی حکومت سے شیئر کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان کی یہ کوشش ہے کہ الطاف حسین کو عمران فاروق قتل کیس میں پاکستان لایا جائے اور بیرون ملک سے ان کی گرفتاری انٹرپول کے ذریعے کروانے کی کوشش کی جائے گی۔

واضح رہے کہ کراچی میں الطاف حسین کی تقریر کے بعد بڑے پیمانے پر جلائو گھیرائو اور توڑ پھوڑ ہوئی تھی۔ اس مقدمے میں کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے احکامات کی روشنی میں الطاف حسین کے ریڈ وارنٹ کے اجراء کے لئے انٹرپول کو درخواست ارسال کی گئی تھی تاہم انٹرپول نے اسے سیاسی نوعیت کا مقدمہ قرار دے کر ملزم کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے سے انکار کردیا گیا۔