حوثی باغیوں کے قبضے سے ایرانی اسلحہ پکڑا گیا: عرب اتحاد

تہران کی یمنی باغیوں کو اسلحہ کی فراہمی کی تردید کا پول کھل گیا

جمعرات 28 دسمبر 2017 14:18

جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 دسمبر2017ء) یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے سعودی عرب کی قیادت میں قائم عرب فوجی اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ آپریشنز کے دوران جہاں فضائی اور زمینی حملوں میں یمنی باغیوں کو بے پناہ جانی اور مالی نقصان پہنچایا گیا ہے وہیں حوثی ملیشیا سے ایران سے حاصل کردہ اسلحہ اور گولہ بارود کی بھاری مقدار بھی قبضے میں لی گئی ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی بن صالح المالکی نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں بتایا کہ حالیہ ایام میں یمنی فوج اور مزاحمتی ملیشیا نے عرب اتحاد کی لاجسٹک سپورٹ اور فضائی کارروائی میں معاونت کے دوران حوثیوں کے اسلحہ کے کئی مرکز، فوجی گاڑیوں اور دیگر آلات کو تباہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تازہ کارروائیوں کے دوران یمن کے کے مختلف علاقوں سے حوثی باغیوں کے ٹھکانوں سے ایران سے حاصل کردہ اسلحہ اور گولہ بارود بھی قبضے میں لیا گیا ہے۔

انہوں نے ایرانی ساختہ’سام 7‘ راکٹ اٹھائے ایک حوثی جنگجو کی تصویر بھی دکھائی جو ایک اپاچی ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہا تھا۔کرنل ترکی بن صالح نے بتایا کہ اپاچی ہیلی کاپٹروں کی مدد سے سعودی عرب کی سرحد سے متصل یمنی علاقوں میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جن میں باغیوں کے متعدد اسلحہ گودام تباہ کردیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تازہ آپریشن میں باغیوں کے قبضے سے ایرانی ساختہ ہتھیاروں کی بھاری مقدار بھی قبضے مین لی گئی ہے جن میں بیلسٹک میزائل بھی شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :