کشمیریو ں کی بیش بہا قربانیوں کے سبب تنازعہ کشمیر عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن چکا ہے، بشیر قریشی

جمعرات 28 دسمبر 2017 14:13

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 دسمبر2017ء) مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموں کشمیر کے رہنما بشیر احمد قریشی نے کہا ہے کہ کشمیریو ں کی بیش بہا قربانیوں کے سبب تنازعہ کشمیر عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن چکا ہے اور دنیا اس کے پر امن حل پر زور دے رہی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بشیر احمد قریشی، رمیز راجہ، سجاد احمد، عبدالاحد اور جاسف احمد پر مشتمل تحریک حریت جموں وکشمیر کا ایک وفد بھارتی فوجیوں کے ہاتھو ں شہید ہونے والے 47سالہ نور محمد تانترے کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کے لیے ترال گیا ۔

بھارتی فوجیوں نے نور محمد کو منگل کو پلوامہ کے علاقے سامبورہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کر دیا تھا۔ بشیر احمد قریشی نے شہید کے اہلخانہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نور محمد نے اپنی پوری زندگی آزادی کی جد وجہد کیلئے وقف کر دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے مشن کی آبیاری ہم سب کا فرض ہے ۔

بشیر احمد قریشی نے کہا کہ بھارت تمام ترمظالم کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں ناکام رہا ہے اور کشمیری اپنے عظیم شہداء کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم کیے ہوئے ہیں۔ غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنما غلام محمد خان سوپوری نے بھی ایک بیان میںنور محمد تانترے کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری بھارت کے جبری فوجی قبضے سے آزادی کیلئے اپنی قیمتی جانیں قربان کر رہے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے کے لیے انہی بے انتہا جبر و ستم کا نشانہ بنا رہا ہے لیکن اسکے باوجود وہ ان کے حوصلے توڑنے میں ناکا م ہے ۔ غلام محمد خان سوپوری نے کہا کہ شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے مشن کو مقصد کے حصول تک ہر قیمت پر جاری رکھا جائے۔ حریت رہنمائوں شبیر احمد ڈار، محمد اقبال میر، امتیاز احمد ریشی، غلام نبی وار، بلال صدیقی، محمد احسن اونتو، محمد یاسین عطائی اور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے بھی اپنے بیانات میں نورمحمد تانترے کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

ادھرجموںوکشمیر مسلم لیگ نے دختران ملت سربراہ آسیہ اندرابی اور اُن کی ساتھی فہمیدہ صوفی کی رہائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اُن کے عزم و ہمت کو سراہاہے۔ مسلم لیگ کے ترجمان سجاد ایوبی نے اپنے بیان میں کہا کہ حق پر مبنی آوازوں کو جبر و ستم کے ذریعے دبانے کی کوشش کی ریت انسانی تاریخ میں اگر چہ پرانی ہے لیکن جس قوم کے مرد اور خواتین اپنے موقف اور نظریہ کے تئیں پُرخلوص ہوں انھیں دنیا کی کوئی طاقت اپنے مقصد سے دستبردار نہیں کرسکتی ۔

متعلقہ عنوان :