عمان میں پاکستان کے سفیر علی جاوید کی کرسمس کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب میں شرکت

بدھ 27 دسمبر 2017 15:52

عمان میں پاکستان کے سفیر علی جاوید کی کرسمس کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 دسمبر2017ء) عمان میں پاکستان کے سفیر علی جاوید نے کرسمس کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔ عمان میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ تقریب مسقط چرچ کی "اردو سروس" کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی ۔ تقریب میں پاکستانی سفارت خانہ کے تمام افسران اور پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں شخصیات نے بھی شرکت کی۔

پاکستانی شہری پادری زریش ڈینیئل نے تمام مہمانوں کا استقبال کیا اور عمان میں پاکستانی عیسائی کمیونٹی کی خدمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کمیونٹی کے لئے نیک خواہشات اور اپنے دلی جذبات کا اظہار کیا۔ چرچ کوائر اور بچوں نے کرسمس تہوار کے جذبے سے مخمور ہو کر کرسمس کے گیت اور ٹیبلو پیش کئے اور تقریب کو یادگار بنا دیا۔

(جاری ہے)

سفیرِپاکستان نے سلطنت عمان میں موجود تمام عیسائی کمیونٹی کو کرسمس کے موقع پر مبارکباد دی اور پاکستان ، عمان دوستی کے فروغ کے لئے ہمیشہ بھر پور کوششیں کرنے پر عمان میں مقیم پاکستانی عیسائی برادری کی مستحکم شراکت داریوں کی تعریف کی۔

سفیر نے عیسائی کمیونٹی کی ممتاز شخصیات کو تعریفی اسناد دیں ، اِن شخصیات میں ریورینڈ ڈینیل (کمیونٹی سروسز)، یوسف آزاد گِل (رضاکارانہ خدمات)، پرویز مسیح (کمیونٹی خدمات)، نیل بی ایمینویل (کمیونٹی اور گرجا خدمات) اور تعلیمی شعبے سے وابستگی رکھنے والے شہریار طارق شامل ہیں۔ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے سب رنگ نظر آئے یہ تقریب پاکستانیوں کی آپس میں محبت کا مظہر ہونے کے علاوہ باہمی تعلقات اور ہم آہنگی کی بھرپور عکاس تھی۔

اس تقریب میں 2018 کے ایسٹر تہوار کو بڑے پیمانے پر منانے کا اعادہ کیا گیا اور مسقط کے باہر سے آنے والے پاکستانی عیسائی بھائیوں کی میزبانی کے لئے اپنی پاکستانی کمیونٹی سے مل کر خصوصی انتظامات کرنے کا ارادہ کیا گیا۔ عمان میں عیسائی عقیدے سے تعلق رکھنے والے 3000 پاکستانی آباد ہیں، پاکستانی عیسائیوں نے عمان کے شہر صلالہ میں "چرچ آف پاکستان" کے نام سے گرجا گھر قائم کیا۔ صلالہ میں 70,000 پاکستانی آباد ہیں جو کہ مسقط سے 1100 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

متعلقہ عنوان :