موجودہ پیپلزپارٹی کی قیادت شہید بھٹو کے نظریات پر پورا نہیں اترتی ہے ،فردوس عاشق اعوان

وہ وقت قریب آرہا ہے جب پیپلزپارٹی کا ملک میں کوئی نام لیوا نہیں ہوگا،تحریک عدل کی بات کرنیوالے سانحہ ماڈل ٹاؤن سے اس کا آغاز کریں سندھ کو بدلنا پاکستان کو بدلنے کے مترادف ہے،کراچی اور اندرون سندھ میں دو جماعتوں نے اپنا الگ الگ مائنڈ سیٹ بنایا ہوا ہے،رہنما پاکستان تحریک انصاف ملک میں حقیقی اپوزیشن کا کردار صرف تحریک انصاف ادا کررہی ہے ،ایم کیو ایم کواپنے بانی کے بغیر مرکزی دھارے میں شامل ہونا چاہئے ،پریس کانفرنس سے خطاب

منگل 26 دسمبر 2017 19:17

موجودہ پیپلزپارٹی کی قیادت شہید بھٹو کے نظریات پر پورا نہیں اترتی ہے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 دسمبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما او ر سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فروس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ موجودہ پیپلزپارٹی کی قیادت شہید بھٹو کے نظریات پر پورا نہیں اترتی ہے ۔وہ وقت قریب آرہا ہے جب پیپلزپارٹی کا ملک میں کوئی نام لیوا بھی نہیں ہوگا ۔عدل کی بات کرنے والوں نے عدل کو اپنے گھر تک محدود رکھا ہوا ہے۔

تحریک عدل کی بات کرنے والے سانحہ ماڈل ٹاؤن سے اسکا آغاز کریں۔سندھ کو بدلنا پاکستان کو بدلنے کے مترادف ہے ۔کراچی اور اندرون سندھ میں دو جماعتوں نے اپنا الگ الگ مائنڈ سیٹ بنایا ہوا ہے ۔ملک میں حقیقی اپوزیشن کا کردار صرف تحریک انصاف ادا کررہی ہے ۔ایم کیو ایم کواپنے بانی کے بغیر مرکزی دھارے میں شامل ہونا چاہیے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے منگل کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر فردوس شمیم نقوی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میں جب بھی کراچی کا دورہ کرتی ہوں تو پریس کلب لازمی آتی ہوں۔ میں پریس کلب کی اعزازی رکن ہوں ۔کلب کی بہتری کے لئیے جو ممکن ہو سکتا تھا میں نے اپنے دور وزارت میں کیا۔پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کے بعد میرا سندھ کا یہ پہلا دورہ ہے ۔میں نے پیپلزپارٹی سے اہم وجوہات کی بناء پر استعفیٰ دیا تھا ۔

انہوںنے کہا کہ پیپلزپارٹی پنجاب میں مسلم لیگ (ن)کے ساتھ مک مکا کی سیاست کررہی ہے ۔پیپلزپارٹی 5سال تک مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ڈبل وکٹ ٹورنامنٹ کھیلتی رہی ۔پاکستان کی زبوں حالی اور جمہوریت کی نفی کرنے والوں میں مسلم لیگ (ن)سرفہرست ہے ۔انہوںنے کہا کہ موجودہ پیپلزپارٹی کی قیادت شہید بھٹو کے نظریات پر پورا نہیں اترتی ہے ۔پیپلز پارٹی کو ایک خاندان تک محدود کردیا گیا ہے۔

پیپلز پارٹی ایک ٹکٹ میں دو مزے لیتی رہی ہے۔نچلی سطح پر پیپلز پارٹی کا صفایا ہوتا جا رہا ہے۔یہ ساری صورت حال پر پیپلزپارٹی کو اس نہچ پر لے کر جارہی ہے جہاں اس کا کوئی نام لیوا بھی نہیں ہوگا ۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے نواز شریف کو نااہل قرار دینے میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے ۔پیپلز پارٹی قضا نماز بھی نہیں بلکہ قویلے کی ٹکریں مار رہی ہے۔

پی ٹی آئی اصل اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے ۔پیپلزپارٹی اپوزیشن کا کردار نبھانے کے لیے جاگ رہی ہے لیکن اب دیر ہوچکی ہے ۔انہوںنے کہا کہ سندھ کو بدلنا پاکستان کو بدلنے کے متبادل ہے ۔سندھ سے تھانہ کلچر کا خاتمہ کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔سندھ کے اندر اب تبدیلی کا آغاز ہوچکا ہے۔ہم نے یہاں نچلی سطح پر کام شروع کیا ہے ۔سندھ میں نچلی سطح پر کارکنان سے تعلقات کو مزید بہتر کرنا ہے ۔

کراچی کو معاشی حب بنانا ہی تحریک انصاف کا منشور ہے۔تحریک انصاف کو کراچی سمیت پورے سندھ میں بھرپور پذیرائی مل رہی ہے ۔صوبہ کے حالات ایسے ہیں کہ آج اساتذہ کو بھی اپنے حق کے لیے دھکے کھانے پڑرہے ہیں ۔کراچی اوراندرون سندھ میں دو جماعتوں نے اپنا الگ مائنڈ سیٹ بنایا ہوا ہے ۔کراچی بے بسی کی تصویر بنتا جا رہا ہے۔ہم کراچی کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں۔

پارٹیوں میں اچھے برے لوگ ضرور ہوتے ہیں۔ایم کیو ایم کو سیاست کا حق ہے لیکن بانی متحدہ کے تحت وہ سیاست نہیں کرسکتے ہیں ۔ایم کیو ایم کو چاہیے کہ قومی دھارے میں آکر اپنا کردار اداکرے ۔آنے والا الیکشن کراچی والوں کی آزادی کا اعلان کرے گا۔سندھ میں بھی پی ٹی آئی کی حکومت ضروربنے گی ۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عدل کی بات کرنے والوں نے عدل کو اپنے گھر تک محدود رکھا ہوا ہے۔تحریک عدل کی بات کرنے والے سانحہ ماڈل ٹاؤن سے اسکا آغاز کریں۔انہوں نے کہا کہ ہم میڈیا کی طاقت کو بخوبی سمجھتے ہیں اور اسکے کردار کی تعریف بھی کرتے ہیں۔لیڈرشپ کے وژن کو دیکھ کر اسکی جانب لوگ آتے ہیں۔پی ٹی آئی شخصیات کو سپورٹ کرنے والی جماعت نہیں ہے۔