شہباز شریف کی بطور آئندہ وزیر اعظم نامزدگی کا فیصلہ (ن) لیگ کا حتمی فیصلہ ہے ،رانا ثناء اللہ

پنجاب کا اگلا وزیر اعلیٰ کون ہو گا اس بات کا فیصلہ وقت آنے پر کیا جائے گا ، ڈیڈ لائن دھرنوں ، لانگ مارچ کی باتیں پچھلے 4 سال سے سن رہے ہیں ، باقر کمیشن رپورٹ کے صفحات چھپانے کے الزامات غلط ہیں اگر مخالفین چاہیں تو عدالت چلے جائیں، نجی ٹی وی سے گفتگو

پیر 25 دسمبر 2017 23:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 دسمبر2017ء) وزیر قانون قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی بطور آئندہ وزیر اعظم نامزدگی کا فیصلہ (ن) لیگ کا حتمی فیصلہ ہے ، پارٹی سے باضابطہ منظوری الیکشن کے بعد لی جائے گی ۔

(جاری ہے)

سوموار کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ شہباز شریف ہی آئندہ مسلم لیگ (ن) کے نامزد وزیر اعظم ہوں گے تاہم پنجاب کا اگلا وزیر اعلیٰ کون ہو گا اس بات کا فیصلہ وقت آنے پر کیا جائے گا ۔

شہباز شریف کی آئندہ وزیر اعظم نامزدگی کی منظوری الیکشن کے بعد پارلیمانی بورڈ سے لی جائے گی انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق میاں نواز شریف اپنے عہدے سے الگ ہوئے ۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ڈیڈ لائن دھرنوں ، لانگ مارچ کی باتیں پچھلے 4 سال سے سن رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ باقر کمیشن رپورٹ کے صفحات چھپانے کے الزامات غلط ہیں اگر مخالفین چاہیں تو عدالت چلے جائیں ان الزامات میں کوئی صداقت نہیں ۔