نوازشریف سینیٹر مشاہد اللہ کو چیئرمین سینیٹ بنانے پر رضا مند

چیئرمین سینٹ رضا ربانی کی ریٹائرمنٹ کے بعد سینیٹ میں قائد ایوان راجہ ظفرالحق نے چیئرمین سینیٹ بننے سے انکار کردیا،رحمان ملک اور اعتزاز احسن میں سے کسی ایک کو چیئرمین سینیٹ بنانے کے لئے لابنگ بھی شروع ،مارچ 2018ء کے الیکشن میں مسلم لیگ(ن) سینیٹ میں 38ممبران کے ساتھ اکثریتی جماعت کے طور پر سامنے آنے کا امکان

ہفتہ 23 دسمبر 2017 20:39

نوازشریف سینیٹر مشاہد اللہ کو چیئرمین سینیٹ بنانے پر رضا مند
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 دسمبر2017ء) حکمران جماعت مسلم لیگ(ن) اور پیپلزپارٹی میں چیئرمین سینیٹ کے لئے سردجنگ شدت اختیار کرگئی،نوازشریف سینیٹر مشاہد اللہ کو چیئرمین سینیٹ بنانے پر رضا مند، چیئرمین سینٹ رضا ربانی کی ریٹائرمنٹ کے بعد سینیٹ میں قائد ایوان راجہ ظفرالحق نے بھی چیئرمین سینیٹ بننے سے انکار کردیا،پیپلزپارٹی رحمان ملک اور اعتزاز احسن میں سے کسی ایک کو چیئرمین سینیٹ بنانے کے لئے لابنگ کر رہے ہیں،مارچ 2018ء کے الیکشن میں مسلم لیگ(ن) سینیٹ میں 38ممبران کے ساتھ اکثریتی جماعت کے طور پر سامنے آئے گی۔

ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ مسلم لیگ(ن) اور پیپلزپارٹی اپنی جماعت میں سے منظور نظر شخصیت کو چیئرمین سینیٹ بنانے کے لئے رابطے کر رہے ہیں،یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سابق وزیراعظم نوازشریف سے رابطے میں ہیں اور کوشش کر رہے ہیں کہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر اعتزاز احسن یا سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کو اس نشست پر براجمان کرایا جائے۔

(جاری ہے)

ذمہ دار ذرائع کے مطابق دونوں جماعتیں اس سلسلے میں رابطوں میں ہیں تاہم سابق وزیراعظم نوازشریف سینیٹ میں وفاقی وزیر برائے موسمی تغیرات مشاہد اللہ خان یا نہال ہاشمی میں سے کسی ایک کو اس منصب پر لانا چاہتے ہیں اور اس کے لئے وہ پیپلزپارٹی سمیت دیگر جماعتوں کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔آئندہ الیکشن میں حکمران جماعت مسلم لیگ(ن) کی سینیٹ میں نشستوں کی تعداد38ہوجائے گی،پیپلزپارٹی 14جبکہ پی ٹی آئی12نشستوں کے ساتھ تیسری بڑی سیاسی جماعت ہوگی۔

یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ مارچ2018ء میں سینیٹ میں ہونے والے الیکشن میں مسلم لیگ(ق)،بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی نمائندگی سے سینیٹ کے اندر محروم ہوجائیں گی۔پیپلزپارٹی کے مارچ2018ء میں سب سے زیادہ سینیٹر19ریٹائرڈ ہو جائیں گے،جن میں چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی اور قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن بھی شامل ہیں،اس وقت مسلم لیگ(ن) کے سینیٹ میں اراکین کی تعداد26ہے جبکہ 8سینیٹرز آئندہ سال ریٹائرڈ ہوجائیں گے،ریٹائرڈ ہونے والوں میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار،سردار ذوالفقار کھوسہ،سعود مجید،نزہت صادق،کامران مائیکل، نثار محمد اور ظفراللہ ڈھانڈا شامل ہیں۔

مسلم لیگ(ق) کے سینیٹر مشاہد حسین سید،کامل علی آغا سمیت چاروں سینیٹرز اپنی مدت پوری کرکے سبکدوش ہوجائیں گے۔جمعیت علماء اسلام کے 5میں سی3سینیٹرز ریٹائرڈ ہوجائیں گے۔عوامی نیشنل پارٹی کے 6میں سی5سینیٹرز ریٹائرڈ ہوجائیں گے۔مسلم لیگ فنگشنل کے واحد رکن مظفرشاہ بھی سبکدوش ہوجائیں گے۔متحدہ قومی موومنٹ کی8میں سی4سینیٹرز مارچ میںسبکدوش ہوجائیں گے تاہم ان کے چار نئے سینیٹرز بننے کا امکان ہے۔پنجاب میں سے سینیٹ کی خالی ہونے والی 11نشستیں مسلم لیگ(ن) کے حصے میں آئیں گی۔