صرف چائنا کٹنگ ہی نہیں گوٹھ آباد اسکیموں اور کچی آبادیوں کو لیز فراہم کرنے میںبھی بے ضابطگیاں ہوئی ہیں،

میئر کراچی وسیم اختر عدلیہ سے گزارش ہے کہ ماضی میں لئے گئے تمام قرضوں کی تحقیقات کرے، چائنا کٹنگ کے ساتھ دیگر غیرقانونی قبضوں کے خاتمے کے لئے بھی پرعزم ہیں لائبریریاں علم و حکمت کا خزانہ ہوتی ہیں، قوموں کا عروج و زوال ، تہذیب و تمدن اور علم و دانش لائبریریوں کے ذریعے ہی نئی نسل کو منتقل ہوتا ہے کسی بھی معاشرے کی ترقی کے لئے شہریوں کا پڑھا لکھا ہونا ضروری ہے تاکہ وہ معاشرے میں اپنا صحیح کردار ادا کرسکیں، میڈیا سے گفتگو

جمعہ 22 دسمبر 2017 20:27

صرف چائنا کٹنگ ہی نہیں گوٹھ آباد اسکیموں اور کچی آبادیوں کو لیز فراہم ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 دسمبر2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہاہے کہ صرف چائنا کٹنگ ہی نہیں گوٹھ آباد اسکیموں اور کچی آبادیوں کو لیز فراہم کرنے میںبھی بے ضابطگیاں ہوئی ہیں، عدلیہ سے گزارش ہے کہ ماضی میں لئے گئے تمام قرضوں کی تحقیقات کرے، چائنا کٹنگ کے ساتھ دیگر غیرقانونی قبضوں کے خاتمے کے لئے بھی پرعزم ہیں،لائبریریاں علم و حکمت کا خزانہ ہوتی ہیں، قوموں کا عروج و زوال ، تہذیب و تمدن اور علم و دانش لائبریریوں کے ذریعے ہی نئی نسل کو منتقل ہوتا ہے،کسی بھی معاشرے کی ترقی کے لئے شہریوں کا پڑھا لکھا ہونا ضروری ہے تاکہ وہ معاشرے میں اپنا صحیح کردار ادا کرسکیں، دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی ترقی کا راز ترقی یافتہ کتب خانے ہیں جہاں ہزاروں کی تعداد میں کتب ، نقشے، اخبارات، رسائل و جرائد، مائیکرو فلم، سی ڈیز اور ڈی وی ڈیز دستیاب ہیں، پڑھا لکھا کورنگی حق پرست عوام کے لئے منتخب نمائندوں کا تحفہ ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کی شام کورنگی نمبر 5 میں ازسرنو تعمیر ہونے والی ماڈل لائبریری کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر چیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا، وائس چیئرمین سید احمر علی، ورکس کمیٹی کے چیئرمین حسن نقوی، پارکس کمیٹی کے چیئرمین خرم فرحان، کچی آبادی کے چیئرمین سعد بن جعفر، ڈائریکٹر لائبریریز ڈسٹرکٹ کورنگی عارفہ طارق، ڈائریکٹر جنرل ورکس شہاب انور اور دیگر منتخب نمائندے اور افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ جس دور میں ہم آگئے ہیں اس میں کتابوں کا مطالعہ کم ہوگیا ہے، کمپیوٹر بے حد ضروری ہے لیکن کتب خانوں کا رجحان کم نہیں ہوناچاہئے اور لوگوں کو مطالعے کی سہولیات ملنی چاہئیں، کسی بھی فرد یا معاشرے کی ترقی درحقیقت بنیادی انسانی قدروں میں ہوتی ہے، یہ امر خوش آئند ہے کہ بلدیہ کورنگی کی انتظامیہ علاقے کے عوام کو دیگر سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ کتب خانوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے، اس حوالے سے ان کی کوششیں قابل ستائش ہیں، انہوں نے کہا کہ سابق حق پرست ایم پی اے شعیب بخاری کی کالج اور لائبریریوں اور دیگر اسکیموں سے شہری آج بھی مستفید ہو رہے ہیں، ہم ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ کورنگی ضلع میں سب سے زیادہ لائبریریاں اور سرکاری اسکول ہیں جو پڑھا لکھا کورنگی کی پہچان ہیں ،مجھے خوشی ہے کہ کورنگی میں نئی تعمیر شدہ لائبریری کا افتتاح ہوا ہے جس سے علاقے کے لوگ مستفید ہوں گے اور انہیں بہتر ماحول میں نصابی اور غیر نصابی کتب کے مطالعہ کا موقع ملے گا انہوں نے کہا کہ کتب خانے آبادی کے لئے انتہائی ضروری ہیں، ہم فریئر ہال کی لائبریری کو بھی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے کام کررہے ہیں اور یہاں کمپیوٹر سمیت دیگر سہولیات جلد فراہم کی جائیں گی، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کا تعلق کراچی سے ہے اور جتنی ذمہ داری میئر کراچی کی ہے اتنی ہی وزیراعلیٰ سندھ کی بھی ہے کہ وہ شہر کے مسائل حل کریں، ہمیں ہر صورت تجاوزات کو روکنا اور انہیں ختم کرنا ہے کیونکہ تجاوزات شہر کی خوبصورتی کو متاثر کرتی ہیں اور شہریوں کے لئے مشکلات کا باعث بنتی ہیں، تجاوزات کے خاتمے کے لئے کے ایم سی خود آگے بڑھ کر کارروائی کرے گی، میئر کراچی نے کہا کہ چائنا کٹنگ کا ایشوالگ اور کچی آبادیوں کا ایشو الگ ہے،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے منیجنگ بورڈ میں ڈی ایم سیز کے چیئرمین بھی شامل ہیں جنہیں آن بورڈ نہیں لیا جاتا جبکہ عوام کے نمائندوں کا یہ حق ہے کہ انہیں تمام تفصیلات سے آگاہ رکھا جائے اور خاص طور پر پانی و سیوریج جیسے بنیادی مسائل کے حل کے لئے ہونے والی منصوبہ بندی کے بارے میں بتایا جائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمین ضلع کورنگی نیئر رضا نے بتایا کہ کورنگی 5 پر واقع ماڈل لائبریری کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے جس سے نوجوانوں خاص طور پر طالب علموں کو بہت مدد ملے گی اور اس لائبریری کے قیام سے متوسط طبقے کو بھی علم کی روشنی میسر آسکے گی۔انہوں نے بتایا کہ اس لائبریری میں سائنس ، آرٹ ، معاشیات، اردو ادب ، قانون، مذہب، انجینئرنگ اور کمپیوٹر کے موضوعات پر بڑی تعداد میں کتابیں دستیاب ہیں جو ہر عمر کے افراد کے لئے ہیں جن میں انگریزی اور اردو دونوں کتب شامل ہیں اس کے علاوہ اخبارات و رسائل بھی موجود ہیں ، لائبریری میں ریفرنس سروس ، پرانے اخبارات کا ریکارڈ اور گھر کے لئے کتب کے اجراء کی سہولت دستیاب ہے۔

بچوں کے ادب کے لئے علیحدہ سے شعبہ قائم کیا گیا ہے ، لائبریریاں میں 50 ہزار کتابیں موجود ہیں جبکہ مزید 50ہزار کتابوں کا جلد اضافہ کیا جائے گا، کورنگی کو میئر کراچی کی ہدایت پر پڑھا لکھا کورنگی بنا کر ہی دم لیں گے۔

متعلقہ عنوان :