اسلام آباد میں جلد کمیونٹی پولیس کا نظام متعارف کرایا جائے گا جس سے تاجر برادری سمیت شہریوں کے مسائل بہتر حل ہوں گے،سلطان احمد تیموری

پولیس سٹیشنوں میں مصالحتی کمیٹیوں کو جلد دوبارہ فعال کیا جائے تا کہ عدالتوں سے باہر تنازعات حل ہوں ، شیخ عامر وحید

جمعہ 22 دسمبر 2017 20:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 دسمبر2017ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید کی قیادت میں تاجر برادری کے ایک وفد نے اسلام آباد کے انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر سلطان احمد تیموری سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، ان کو اسلام آباد پولیس کا سربراہ تعینات ہونے پر مبارک باد پیش کی اور تاجر برادری کو درپیش اہم مسائل سے بھی ان کو آگاہ کیا۔

وفد میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید، نائب صدر نثار مرزا، فائونڈر گروپ کے چیئرمین خالد جاوید، سیف الرحمٰن خان، رافعت فرید، دلدار عباسی، خالد چوہدری، محمود وڑائچ، سید عادل انیس، شیراز صدیقی، عبدالرحمٰن خان، عزت بخش اور دیگر شامل تھے۔

(جاری ہے)

وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد پولیس کے انسپکٹر جنرل ڈاکٹر سلطان احمد تیموری نے کہا کہ جلد ہی اسلام آباد میں کمیونٹی پولیس کا نظام متعارف کرایا جائے گا اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ تاجر برادری کو بھی اس نظام میں نمائندگی دی جائے گی جس سے ان کے مسائل بہتر طور پر حل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری، سینئر شہریوں، طلبا، اور گھریلو خواتین سمیت معاشرے کے تمام طبقات کو اس نظام میں نمائندگی دی جائے گی تا کہ پولیس اور شہری پارٹرنشپ کے ذریعے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں جس کے بہتر نتائج متوقع ہیں۔ انہوںنے کہا کہ کمیونٹی پولیس نظام ان کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں ایک جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے جس کے نتائج ہفتوں میں سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔

انہوںنے کہا کہ دھرنا کلچر جیسے مسائل سے نمٹنے کیلئے ایک انسداد سادات فورس قائم کی جا رہی ہے جس کی حکومت نے منظوری دے دی ہے۔ انہوںنے کہا کہ پرامن طور پر احتجاج کرنے کا حق سب کو حاصل ہے لیکن عوام کو تنگ کرنے کے اقدامات کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوںنے کہ اسلام آباد میں سمارٹ ناکے قائم کئے جائیں گے تا کہ ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے جرائم کو روکا جائے اور عوام کو غیر ضروری مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ سیف سٹی منصوبے کو مزید بہتر کیا جائے گا اور تمام خراب کیمروں کو ٹھیک کیا جائے گا جس سے مارکیٹوں سمیت شہر میں امن و امان کی صورت حال بہتر ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ چالان بھی کیمروں کی مانیٹرنگ کے ذریعے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر نظام کو بھی بہتر کیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ نئے منصوبے کی تفصیلات چیمبر کے دورہ کے موقع پر تاجر برادری کے ساتھ شیئر کی جائیں گی اور یقین دہانی کرائی کہ تاجر برادری کے مسائل کو حل کرنے کیلئے تمام ممکنہ کوششیں کی جائیں گی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے پولیس سے متعلقہ تاجر برادری کے اہم مسائل سے آئی جی پولیس کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس سٹیشنوں میں مصالحتی کمیٹیوں کو دوبارہ فعال کیا جائے اور تاجر برادری کو بھی ان کمیٹیوں میں نمائندگی دی جائے جس سے مسائل جلد حل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں سٹیزن پولیس رابطہ کمیٹی مسائل کو حل کرنے میں فعال رہی ہے لہذا اسلام آباد میں بھی سٹیزن پولیس رابطہ کمیٹی قائم کی جائے اور تاجر برادری کو اس میں نمائندگی دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ دھرنوں کی وجہ سے جڑواں شہروں کی تاجر براری کو بہت نقصان پہنچا ہے لہذا دھروں کیلئے کوئی الگ جگہ مختص کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ یکطرفہ طور پر ایف آئی آردرج کرنے کی بجائے دونوں پارٹیوں کا موقف جان کر ایف آئی آر درج کی جائے تا کہ عوام کو غیر ضروری مسائل سے بچایا جا سکے۔ انہوںنے یقین دہانی کرائی کہ چیمبر امن و مان کی صورتحال کو بہتر کرنے کیلئے پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید اور نائب صدر نثار مرزا نے کہا کہ کسی بھی تاجر کے خلاف ایکشن لینے سے پہلے متعلقہ مارکیٹ یونین کو اعتماد میں لیا جائے تا کہ عدالت سے باہر ہی تنازعات کا حل کیا جا سکے۔ خالد جاوید، سیف الرحمٰن خان، خالد چوہدری، سید عادل انیس، محمود احمد وڑایچ اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور تاجر برادری کے پولیس سے متعلقہ مختلف مسائل کو حل کرنے کیلئے مفید تجاویز پیش کیں۔

متعلقہ عنوان :