چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ نے عدالت عالیہ کی خواتین ملازمین کیلئے ڈے کئیر سنٹر کا اعلان کر دیا

ملازمین کی استعداد کار بڑھانے کیلئے غیر ملکی ٹریننگ کے دائرہ کار کو بڑھایا جائے گا، جنوری کے پہلے ہفتے میں کیفے ٹیریا کا افتتاح کیا جائے گا، ملازمین کیلئے ہائوسنگ کالونی بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، جسٹس سید منصور علی شاہ

جمعہ 22 دسمبر 2017 20:16

لاہور۔22 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2017ء) چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ سید منصور علی شاہ نے عدالت عالیہ کی خواتین ملازمین کیلئے ڈے کئیر سنٹر کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین بشمول خواتین کے استعداد کی کو برھانے کیلئے غیر ملکی ٹریننگ کے دائرہ کار کو بڑھایا جائے گا، جنوری کے پہلے ہفتے میں کیفے ٹیریا کا افتتاح کیا جائے گا، جہاں میں آپ کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھائوںگا۔

ڈرائیورز کی سہولت کیلئے انکو موٹر سائیکل د ینے اور نائب قاصد کو بھی موٹرسائیکل دینے کے ساتھ ساتھ ملازمین کیلئے ہائوسنگ کالونی بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اس امر کا اظہار انہوں نے جمعہ کو لاہور ہائیکورٹ میں ملازمین کی جانب سے دیئے گئے اپنے اعزاز میں ظہرانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عدلیہ کا یہ ادارہ ملازمین کیلئے ماں کا درجہ رکھتی ہے ، اس کی دل وجان سے خدمت کریں۔

ادارے پیار سے چلتے ہیں،ہائی کورٹ میں ملازمین کی تعداد لگ بھگ 2600 کے قریب ہے، میرے لئے سب برابر اور مجھے سب سے پیار ہے۔ میرے لئے وہ زیادہ پیارے ہیں جو ادارے سے پیار کرتے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ادارے اصولوں پر چلتے ہیں، ہائی کورٹ میں سب بھرتیاں میرٹ پر کی گئی ہیں۔ اس بات پر لوگ آج تک مجھ سے ناراض ہیں تاہم مجھے اسکی کوئی پرواہ نہیں ہے۔

آپ سب خوش قسمت ہیں کہ آپ اس ادارے میں ہیں جو لوگو ں کے لئے آسانیاں پیدا کرتا ہے۔ یہ کہانی روپے پیسے کی نہیں بلکہ عوام کی خدمت کی ہے۔میں آپ سے توقع کرتاہوں کہ آپ عام لوگوں سے اخلاق سے ملیں گے اور چہرے پر مسکراہٹ سے ان کااستقبال کریں تاکہ لوگ آپ کی تعریف کریں۔ اسی خدمت کے طرز پر آپ کو بہترین لباس میں ملبوس ہونا چاہیے۔ آپ کی تنخواہیں بہترین ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ قانون کے مطابق ملازمین کے کوٹہ کو بڑ ھائیں گے۔ ہمارے ساتھ ڈس ایبل ملازمین ہیں ،ہمیں ان کا خاص خیال رکھنا چاہئے۔ چیف جسٹس نے خواتین ملازمین کیلئے ڈے کیئر سنٹر کا اعلان بھی کیا، انہوں نے کہا ہائی کورٹ کو کرپشن فری بنائیں ، خیانت کرنے والے پر اللہ کی لعنت ہو۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین اپنی صحت پر توجہ دیں، ہم پولیس کی مدد سے اپنے ادارے کی سیکورٹی کیلئے مارشلز تیار کرینگے۔

قبل ازیں جسٹس یاور علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو کام کرنے کی رفتار، کام کی لگن اور بڑوں کی قدر میں نے ہائی کورٹ کے ملازمین میں دیکھی وہ کسی ادارے میں نہیں دیکھی۔ انہوں نے چیف جسٹس کو انکی جانب سے ملازمین کی فلاح کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر خراج تحسین پیش کیا۔ ظہرانے کی تقریب میں جسٹس مامون رشید شیخ، جسٹس امیر بھٹی، جسٹس عبد السمیع خان، جسٹس عابد عزیز شیخ، جسٹس شا ہدکریم، جسٹس علی اکبر قریشی، جسٹس شاہد بلال حسن،جسٹس جواد حسن اور جسٹس سردار احمد نعیم موجود تھے۔

رجسڑارلاہورہائی کورٹ سید خورشید انور رضوی اور ڈی ڈی جی ڈائریکٹوریٹ آف ڈسٹرکٹ جوڈیشری محمد اکمل خان بھی تقریب میں موجود تھے۔تقریب کے آخر میں ہائی کورٹ ملازمین کی جانب سے چیف جسٹس کو تلوار پیش کی گئی۔

متعلقہ عنوان :