اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ کے تحت سیہون شریف، بھٹ شاہ اور سکھر میں فری میڈیکل کیمپ میں 1800 منشیات کے عادی مریضوں کا معائنہ کیا گیا

جمعہ 22 دسمبر 2017 20:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 دسمبر2017ء) اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ کے تحت سیہون شریف، بھٹ شاہ اور سکھر میں فری میڈیکل کیمپ میں 1800 منشیات کے عادی مریضوں کا معائنہ کیا گیا ۔ اینٹی نارکوٹکس فورس منشیات کے سدباب کے لئے کوشاں ہے۔ منشیات کی طلب میں کمی اینٹی نارکوٹکس فورس کے مشن کا بنیادی جزو ہے ۔ ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس وڈپٹی ڈائریکٹر سید نیئر عباس کاظمی نے اپنے دفتر میں جاری اعلامیہ میں بتایا کہ اینٹی نارکوٹکس فورس کا مشن ہے کہ ملک سے منشیات کا خاتمہ کیا جائے اور منشیات کے مریضوں کا علاج کرکے انہیں معاشرے میں بہتر فرد بنایا جائے۔

اس سلسلے میں اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ کے تحت سیہون شریف، بھٹ شاہ اور سکھر میں فری میڈیکل کیمپ لگائے گئے جہاں مجموعی طور پر 1800 مریضوں کا معائنہ کرکے انہیں مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ ان فرائض کی تکمیل کے لیے اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ کی زیر نگرانی و زیر سرپرستی لیاری کراچی میں ماڈل ایڈکشن ٹریٹمنٹ اینڈ ری ہیبلی ٹیشن سینٹر کا قیام کافی عرصے پہلے عمل میں لایا جا چکا ہے اور اے این ایف کے اس اسپتال میں ہزاروں منشیات کے مریضوں کا بلا معاوضہ علاج کامیابی سے کیا جا چکا ہے ۔

یہاں سے صحت یاب ہونے کے بعد یہ لوگ معاشرے میں ایک بہتر فرد کی حیثیت سے رہ رہے ہیں بلکہ معاشرے کے مزید سدھار کے لیے اپنا کردار بھی ادا کر رہے ہیں ۔ اس ضمن میں مذکورہ سینٹر نے دسمبر کے دوسرے ہفتے میں بھٹ شاہ اور سہیون شریف میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا ۔ ان دو شہروں کے چناؤ کی وجہ یہاں پر منشیات کا بڑھتا ہوا استعمال اور منشیات کے استعمال سے پیدا ہونے والی بیماریاں تھیں ۔

اس کیمپ کا بنیادی مقصد عوام کو صحت کے بارے معلومات دینا ، منشیات کا عوام پر اثرات کا جائزہ لے کر انہیں طبی ادویات کی فراہمی کے ساتھ پرہیز کے بارے میں آگاہی دینا اور زیادہ تر توجہ طلب مریضوں کو مذکورہ سینٹر کراچی یا سکھر روانہ کرنا تاکہ ان اسپتالوں ان کو داخل کرکے مکمل علاج کیا جا سکے ۔ مزید برآں اس کیمپ کے ذریعہ لوگوں کو ایچ آئی وی ایڈز ، کینسر اور دوسرے موذی امراض اور منشیات کے استعمال سے شروع ہوتے ہیں ، آگاہین دینا اس کیمپ کے مقاصد میں شامل تھا ۔

پہلے کیمپ میں مزار شاہ عبداللطیف بھٹائیؒؒ کے قریب تمبورہ چوک میں قائم کیا گیا ، جہاں دو دن تک لوگوں کی ایک کثیر تعداد نے ادویات کے حصول ، میڈیکل چیک اپ اور آگاہی حاصل کرنے کے لیے پہنچی ۔ اس میں مذکورہ سینٹر کے ماہر ڈاکٹرز اور نفسیات دانوں نے جانفشانی سے تمام لوگوں کا معائنہ کیا اور مفت ادویات دیں ۔ کچھ مریضوں کو اے این ایف اسپتال کراچی اور سکھر روانہ کیا گیا تاکہ ان کا مکمل علاج کیا جا سکے ۔

ان دو دنوں میں تقریباً 1100 مریضوں کا معائنہ کیا گیا ۔ بعد ازاں میڈیکل دو دن کے لیے سہیون شریف میں منعقد کیا گیا ، جہاں 700 سے زائد مریضوں کا میڈیکل چیک اپ اور مفت ادویات فراہم کی گئیں ۔ جہاں اس امر کا اظہار ضروری ہے کہ بھٹ شاہ اور سہیون شریف میں لگائے گئے کیمپوں کے تمام ایام کے دوران لوگوں کی کثیر تعداد میں علاج کی غرض سے آنا ، لوگوں میں نشے سے نفرت اور آگاہی کا مظہر ہے ۔ مذکورہ سینٹرز کے ڈاکٹرز اور ماہرین نفسیات کا شبانہ روز انتھک محنت کی وجہ سے علاقے کے لوگوں نے واضح طور پر اطمینان محسوس کیا جا سکتا تھا ۔ فری میڈیکل کیمپ ہر تین ماہ بعد منعقد کیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :