عالمی برادری نے بیت المقدس پر امریکی اعلان مسترد کرکے حق و انصاف کا ساتھ دیا ہے، مزمل اقبال ہاشمی

ڈونلڈ ٹرمپ خود کو دنیا کا بادشاہ تصور نہ کریں۔ امریکا نے مالی امداد بند کرنے کی دھمکیوں سے عالمی برادری کو ڈرانے کی ناکام کوششیں کیں

جمعہ 22 دسمبر 2017 20:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 دسمبر2017ء) ملی مسلم لیگ پاکستان کے نائب صدر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ عالمی برادری نے بیت المقدس پر امریکی اعلان مسترد کرکے حق و انصاف کا ساتھ دیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ خود کو دنیا کا بادشاہ تصور نہ کریں۔ امریکا نے مالی امداد بند کرنے کی دھمکیوں سے عالمی برادری کو ڈرانے کی ناکام کوششیں کیں۔

عالمی برادری نے بتا دیا ہے کہ بیت المقدس پر اسرائیل کا کوئی حق نہیں، امریکا یک طرفہ اعلان کے ذریعے خون خرابے کا خواہش مند تھا۔ انہوں نے جامع مسجد خالد بن ولید پی ای سی ایچ سوسائٹی میں اجتماع جمعہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں امریکا و اسرائیل کو شرمناک صورت حال کا سامنا کرنا پڑا۔ دنیا پر اپنے فیصلے مسلط کرنے والے جان لیں کہ دھمکیوں اور تشدد سے کسی کو شکست نہیں دی جاسکتی۔

(جاری ہے)

بیت المقدس کسی صورت اسرائیل کا دارالحکومت نہیں ہوسکتا۔ اسرائیل کے ناجائز وجود کو منوانے کی کوششیں پہلے بھی ناکام رہی، اب بھی ناکام رہیں گی۔ مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ انبیاء کی سرزمین فلسطین میں یہودی بستیاں بساکر عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں کی گئیں، لیکن اسرائیل کو روکنے والا کوئی نہیں۔ امریکا اسرائیل کی پشت پناہی سے مشرق وسطیٰ میں اپنے مفادت کا دفاع چاہتا ہے۔

مسلم حکمرانوں کو جان لینا چاہئیں کہ ان حالات میں خاموشی اختیار کرنے کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ اقوام متحدہ آزاد فلسطین کے قیام کے لیے بھی کردار ادا کریں۔ گزشتہ کئی دہائیوں سے فلسطینیوں کے ساتھ ظالمانہ سلوک روا رکھا جا رہا ہے، لیکن جمہوریت کا چیمپیئن امریکا اس کے باوجود اسرائیل کی حمایت سے باز نہیں آتا۔ ٹرمپ کے حالیہ اعلان سے امریکا کا دہرا معیار مزید واضح ہوگیا ہے۔

متعلقہ عنوان :