ادارہ میں کرپٹ افسران و ملازمین کی کوئی حیثیت نہیں، کرپشن میں ملوث افسران و ملازمین کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا، ڈی جی کے ڈی اے

کرپشن جیسی لعنت کا جڑ سے خاتمہ کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ہم سب مل کر اپنا کردار ادا کریں،کے ڈی اے آفیسرز کلب میں عشایئے کی تقریب سے خطاب

جمعہ 22 دسمبر 2017 20:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 دسمبر2017ء) ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سمیع الدین صدیقی نے کہا ہے کہ ادارہ میں کرپٹ افسران و ملازمین کی کوئی حیثیت نہیں، کرپشن میں ملوث افسران و ملازمین کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا، کرپشن جیسی لعنت کا جڑ سے خاتمہ کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ہم سب مل کر اپنا کردار ادا کریں۔ یہ بات ڈی جی کے ڈی اے نے کے ڈی اے ایمپلائز یونین کے زیر اہتمام حاجیوں اور صحافیوں کو کے ڈی اے آفیسرز کلب میں عشایئے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ڈی جی کے ڈی اے نے کہا کہ کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں موجود دیگر اداروں کے ملازمین کو ہنگامی بنیادوں پر Parents ڈپارٹمنٹ میں بھیجنے کے لئے سیکریٹری کے ڈی اے توفیق سومرو کو ہدایت جاری کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ افسران و ملازمین کو بہترین میڈیکل سہولیات فراہم کرنے کے لئے سابقہ تمام اسپتالز سے معاہدہ منسوخ کردیا گیا جبکہ چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد سلیم کو معطل کرکے ایک کمیٹی قائم کردی گئی ہے جو نہ صرف چیف میڈیکل آفیسر کے خلاف انکوائری کرے گی بلکہ جدید طرز پر نئے اسپتالز سے معاہدہ کرنے کے لئے تجویز پیش کرے گی۔

ڈی جی کے ڈی اے نے حج کی سعادت حاصل کرنے والے افسران و ملازمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ افہام و تفہیم اور یکجہتی کے ساتھ ہم سب کو ادارہ کی خدمت کرنے اور ادارہ کے وقار کو بلند کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ ڈی جی کے ڈی اے سمیع الدین صدیقی اور میئر کراچی وسیم اختر نے حاجیوں کے لئے عشائیہ کی تقریب منعقد کرنے پر کے ڈی اے ایمپلائز یونین کے عہدیدار نویدانور صدیقی کو مبارک باد پیش کی۔ تقریب کے اختتام پر کے ڈی اے ایمپلائز کے عہدیدار نوید انور صدیقی نے ڈی جی کے ڈی اے، میئر کراچی اور صحافی حضرات کو شیلڈ پیش کی۔ تقریب میں ڈی جی کے ڈی اے، میئر کراچی، کے ڈی اے افسران و ملازمین، کے ڈی اے ایمپلائز یونین کے عہدیداران اور صحافی حضرات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :