اقوام متحدہ میں شکست کے باوجود بیت المقدس کے بارے میں ٹرمپ کا ہٹ دھرمی نہ چھوڑناتکبر ، غرور کی مثال ہے‘محمد ادریس

مہذب دنیا کو امریکہ کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل بنانا ،اقوام متحدہ کو اپنے وجود کو قائم رکھنے کیلئے کشمیر فلسطین اور برما پر اپنی قرار دادوں پر عمل کرانا ہوگا پوری دنیا کی مخالفت کے باوجود امریکہ اور اسرائیل بدمعاشی سے باز نہ آئے تو اقوام متحدہ کا ادارہ اپنے قیام کا جواز کھو دے گا‘نائب امیر جماعت اسلامی

جمعہ 22 دسمبر 2017 19:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 دسمبر2017ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ میں شرمناک شکست کے باوجود بیت المقدس کے بارے میں ٹرمپ کا اپنی ہٹ دھرمی نہ چھوڑناتکبر اور غرور کی بدترین مثال ہے ،خود کو سپر طاقت کہنے والے امریکہ کو روس اور برطانیہ کا انجام نہیں بھولنا چاہئے ،بیت المقدس امت مسلمہ کاقبلہ اول ہے جس کی آزادی کیلئے عالم اسلام بڑی سے بڑی قربانی دینے کیلئے تیار ہے ،مہذب دنیا کو امریکہ کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل بنانا اور اقوام متحدہ کو اپنے وجود کو قائم رکھنے کیلئے کشمیر فلسطین اور برما پر اپنی قرار دادوں پر عمل کرانا ہوگا۔

اگر پوری دنیا کی مخالفت کے باوجود امریکہ اور اسرائیل بدمعاشی سے باز نہ آئے تو اقوام متحدہ کا ادارہ اپنے قیام کا جواز کھو دے گا ۔

(جاری ہے)

ان خیالا ت کا اظہارانہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حافظ محمد ادریس نے کہا کہ اسلام کو دہشت گردی سے جوڑنے اور مسلمانوں کو انتہا پسند کہنے والوں کے چہرے کو دنیا خوب پہچان گئی ہے ،اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل درآمد کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ امریکہ ہے جس نے آج تک کشمیر اور فلسطین کے حوالے سے عالمی برادری کی قرار دادوں پر عمل درآمد نہیں ہونے دیا اور بھارت کی سرپرستی کرتا رہا ،انہوں نے کہا کہ امریکہ نے دہشت گردی کے نام پر عراق ،افغانستان میں لاکھوں مسلمانوں کا قتل عام کیا اور دوسری طرف بھارت اور اسرائیل نے کشمیر اور فلسطین میںظلم و جبر اور قتل و غارت گری کا بازار گرم کررکھا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عالمی امن کیلئے فلسطین اور کشمیر کے مسائل حل کرنا ضروری ہے اور عالمی برادری کو اقوام متحدہ میں پاس کردہ اپنی قرار داد پر ہر صورت عمل درآمد کو یقینی بنانا ہوگا تاکہ امریکہ کی عالمی غنڈہ گردی کا خاتمہ ہوسکے ۔حافظ محمد ادریس نے کہا کہ اب عالم اسلام کے ان حکمرانوں کو بھی غلامانہ رویہ چھوڑ کر امریکہ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر پوری جرأت سے قرار داد پر عمل درآمد کروانا چاہئے ،اسلامی ممالک کو مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا اور متحد ہوکر امریکہ کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

حافظ محمد ادریس نے کہا کہ امریکی لابی ملک کو سیکولر ازم اور لبرل ازم کے اندھیروں میں دھکیلنا چاہتی ہے ،لیکن گمراہ کن ایجنڈے کی تکمیل میں اسے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔ قرآن و سنت پر پختہ ایمان رکھنے والے پاکستانی عوام امریکی آلہ کاروں کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے ۔ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے قیام کیلئے تمام دینی جماعتوں کو مل کر جدوجہد کرنا ہوگی تاکہ دشمن کی سازشوں کو ناکام بنایا جاسکے ۔