دورہ نیوزی لینڈ کیلئے قومی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ کل ہوں گے

جمعہ 22 دسمبر 2017 19:33

دورہ نیوزی لینڈ کیلئے قومی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ کل ہوں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 دسمبر2017ء) دورہ نیوزی لینڈ کے لئے قومی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ کل ( ہفتہ ) ہوں گے ۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے دورہ نیوزی لینڈ کیلئے 23 دسمبر سے لاہور میں فٹنس کیمپ منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جس میں مجموعی طور پر 18کھلاڑی شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

اعلان کردہ کھلاڑیوں میں کپتان سرفراز احمد، اظہر علی، فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، حارث سہیل، فہیم اشرف، عماد وسیم، محمد عامر، حسن علی، رومان رئیس، عامر یامین، عمر امین، صہیب مقصود، احمد شہزاد اور محمد نواز شامل ہیں۔

جنید خان اور عثمان شنواری کی انجری اور دورے سے باہر ہونے کے باوجود وہاب ریاض یا سہیل خان کو کیمپ میں طلب نہیں کیا گیا جبکہ محمد حفیظ اور اظہر علی کا پہلے ہی فٹنس ٹیسٹ ہو چکا ہے۔نوجوان لیگ اسپنر شاداب خان بگ بیش لیگ میں شرکت کے بعد آسٹریلیا سے نیوزی لینڈ پہنچیں گے جبکہ دورہ نیوزی لینڈ کیلئے قومی ٹیم کے حتمی کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان فٹنس ٹیسٹ کے بعد کیا جائے گا۔پاکستان ٹیم چھ جنوری سے نیوزی لینڈ میں پانچ میچز کی ون ڈے سیریز کھیلے گی جس کے بعد بائیس جنوری سے تین میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔