متروکہ وقف املاک بورڈ کے 318ویں اجلاس کا انعقاد

جمعہ 22 دسمبر 2017 19:28

لاہور۔22 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2017ء)متروکہ وقف املاک بورڈ کا 318واں اجلاس چیئرمین محمد صدیق الفاروق کی زیر صدارت کیمپ آفس زمان پارک میں منعقد ہوا جس میں چاروں صوبوں سے بورڈ ممبران نے شرکت کی ۔اجلاس میں کل 15ایجنڈا آئٹم زیر بحث آئے ،اجلاس میں بورڈ کے سابقہ 317ویں اجلا س کی توثیق اور اس میں کیے گئے فیصلوں پر عملدآمد کی رپورٹ پیش کی گئی۔

اجلاس میں اگروال آشرم کے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے ایجنڈا آئٹم زیر بحث آیا جبکہ مالی امداد برائے پاکستان ماڈل انسٹی ٹیویشنز فائونڈیشن اورجانکی دیوی ہسپتا ل کے ایجنڈے پر بھی بحث کی گئی ۔بورڈ اجلاس میں گورو دوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں رہائشی عمارت اور ترقیاتی کاموں کا ایجنڈا زیر بحث آیاجس پر بورڈ ممبران نے اقلیتوںکے لیے کیے جانے والے ترقیاتی کاموں پر چیئرمین بورڈ محمد صدیق الفاروق کی تعریف کی اور مزید ترقیاتی کام جاری رکھنے پر اتفاق رائے کیا جبکہ ممبران نے یہ بھی رائے دی کی مندر اور گورو دواروں میں ہونے والے ترقیاتی کاموں میں سکھ اور ہندو برادری اپنا بھر پور کردار ادا کرے ۔

(جاری ہے)

بورڈ اجلاس میں ہیومن ریسورسز کمیٹی کی اپ گریڈیشن کی سفارشات کے حوالے سے بحث کی گئی ۔اجلاس میں سیکرٹری بورڈ میاں عبدالقدیر ،الیگزینڈر جان ملک ،کیپٹن ریٹائرڈ یونس درانی ،سیکرٹری ایجوکیشن نسرین مہدی ،چوہدری بشیر احمد ،سرداررمیشن سنگھ اروڑا ،بیرسٹر اورنگزیب پیر زادہ،سردار منور زمان و دیگر ممبران نے شرکت کی ۔اجلاس کے آغازمیں کرسمس کے موقع پر تمام بورڈ ممبران نے الیگزینڈر جان ملک کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹا ۔

چیئرمین بورڈ نے اجلاس میں تمام اقلیتی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کی خدمت کے لیے میں ہر ممکن اقدام کررہا ہوں ۔سکھوں اور ہندوئو ں کی عبادت گاہوں کی حفاظت اور انکی تزئین و آرائش کے کام میں خود اپنی نگرانی میں کرواتا ہوں جبکہ بورڈ کی ترقی کے لیے میں اپنی ٹیم کے ساتھ دن رات محنت کر رہا ہوں ۔بورڈ کے اجلاس میں کئی ایک ترقیاتی کاموں کے ٹینڈرز ،کمرشل بلڈنگزاور ای کمپلیکس اسلام آباد میں سسٹم کی اپ گریڈیشن کا معاملہ بھی زبر بحث آیا۔