فیروزآباد تھانے میں نوجوانوں پر تشدد،مقدمہ درج، اہلکار قدیس گرفتار

ڈی ایس پی یعقوب جٹ کی 3 نوجوانوں پر تشدد کی ایک اور ویڈیو منظر عام پر آگئی ْتشدد کے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے نامزد ملزم قدیس کو گرفتار کیا گیا ہے،ایس پی جمشید ٹائون

جمعہ 22 دسمبر 2017 19:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 دسمبر2017ء)کراچی میں فیروزآباد تھانے میں نوجوانوں پر تشدد کامقدمہ درج کرلیا گیاہے، مقدمہ متاثرہ نوجوان قیصر کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، تشدد کے واقعے کے مرکزی ملزم اور ڈی ایس پی کے منہ بولے بھانجے قدیس کو گرفتار کر لیا گیاہے، ڈی ایس پی یعقوب جٹ کی 3 نوجوانوں پر تشدد کی ایک اور ویڈیو منظر عام پر آگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق دو روز قبل ڈی ایس پی فیروز آباد نے تین نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔پولیس کے مطابق فیروزآباد تھانے میں نوجوانوں پر تشدد کامقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمہ متاثرہ نوجوان قیصر کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ ایس ایس پی جمشید ٹائون کے مطابق واقعے میں نامزد ملزم قدیس کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے جبکہ ڈی ایس پی یعقوب جٹ کیخلاف تحقیقات جاری ہیں۔

(جاری ہے)

تشدد کی نئی ویڈیو میں تھانے کے سامنے ڈی ایس پی یعقوب جٹ نوجوانوں پر تشدد کر رہے ہیں، انہوں نے شرٹس بھی اتار رکھی ہیں اور پولیس اہلکار بھی موجود ہیں۔ معاملہ قدیس سے شروع ہوا، منہ بولا بھانجہ قدیس فیروز آباد تھانے میں ڈی ایس پی سے مل کر جا رہا تھا، راستے میں گاڑی ٹکرانے پر تین متاثرہ لڑکوں سے تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد لڑکوں کو ڈی ایس پی نے گھر سے اٹھوایا اور ان پر تشدد کیا۔

ایس پی جمشید ٹائون کے مطابق تشدد کے واقعہ میں ملوث ملزم کے خلاف جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے پر مقدمہ درج کر کے ملزم قدیس کو گرفتار کیا گیا ہے۔ متاثرہ نوجوان قیصر کے والد نے میڈیا کوبتایاکہ ڈی ایس پی فیروز آباد یعقوب جٹ کے خلاف الگ سے مقدمہ درج کرایا جائے گا۔ تشدد کے واقعہ پر آئی جی سندھ نے ڈی ایس پی فیروز آباد یعقوب جٹ کو عہدے سے ہٹا کر سینٹرل پولیس آفس رپورٹ کرنے کی ہدایت کی تھی۔