گورنر سندھ محمد زبیر کی بزنس وفد کے ہمراہ لارڈ میئر آف لندن چارلس بومین سے ملاقات

جمعہ 22 دسمبر 2017 19:22

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے تجارتی وفد کے ہمراہ مینشن ہائوس لندن میں لارڈ میئر آف لندن چارلس بومین Mr.Charles Bowman سے ملاقات کی۔ اس موقع پر کمرشل قونصلر بھی موجود تھے۔ جمعہ کو یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں پاک برطانیہ دوطرفہ تجارت کے فروغ ، سرمایہ کاری اور تاجر وفود کے تبادلوں سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ امن و امان کے قیام اور توانائی بحران کے خاتمہ کے بعد پاکستان سرمایہ کاری کے لئے آئیڈیل ملک بن چکا ہے، سی پیک کے بعد پاکستان کی تجارتی حوالہ سے اہمیت بہت بڑھ چکی ہے، منصوبہ کی تکمیل سے پاکستان عالمی تجارت کا مرکز بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہی وقت ہے کہ برطانیہ کے سرمایہ کار پاکستان با الخصوص صوبہ کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرکے بھرپور استعداد سے استفادہ حاصل کریں اس ضمن میں حکومت ہر ممکن تعاون، مدد اور معاونت فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں لارڈ میئر آف لندن نے کراچی کی استعداد ، سی پیک منصوبہ کی تکمیل سے صوبہ کی اہمیت اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ پر بھرپور دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی سرمایہ کاری دو طرفہ تعلقات اور مفادات سمیت خطہ کے لئے اہم ثابت ہو سکتی ہے اس ضمن میں لندن اور کراچی کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ گورنر سندھ محمد زبیر 16 دسمبر 2017 ء سے برطانیہ کے دورہ پر ہیںجہاں انہوں نے روڈ شوز میں شرکت کرکے پاکستان کے حقیقی تاثر کو اجاگر کیا، برطانیہ کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں سے پاک برطانیہ دو طرفہ تجارتی تعلقات مزید مستحکم کرنے پر بات چیت موثر ثابت ہوئی ہے۔

متعلقہ عنوان :