یو بی جی پر بزنس کمیونٹی کا بھرپوراعتماد ہے، اپوزیشن کی شکست یقینی ہے۔ حنیف گوہر

جمعہ 22 دسمبر 2017 19:22

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2017ء) یونائٹیڈ بزنس گروپ (یو بی جی) الیکشن سیل کے چیف کوآرڈینیٹرحنیف گوہر نے کہا ہے کہ یو بی جی پر بزنس کمیونٹی کا بھرپوراعتماد ہے اور ہم ایس ایم منیر، افتخار علی ملک کی قیادت میں29 دسمبر کو فیڈریشن چیمبر میں ہونے والے سالانہ الیکشن میں ایک بار پھر کامیاب ہوں گے۔ جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے الیکشن سیل میں آنے والے یو بی جی کے امیدواروں اور سندھ کورکمیٹی کے ممبران کی آمد پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہی۔

حنیف گوہر نے کہا کہ یو بی جی کا ہرامیدوارحقیقی گولڈ کی مانند ہے اور ملک میں اپنے حصے کا ٹیکس ادا کرتا ہے جبکہ مخالف گروپ میں ایسے بھی لوگ موجود ہیں جو کماتے تو کروڑوں روپے ہیں مگر ٹیکس صرف چندسوروپے دیتے ہیں، ایسے لوگ منتخب ہوکر صرف لوٹ مار ہی کرسکتے ہیں لیکن ہم ایف پی سی سی آئی کی امانت کو محفوظ رکھیں گے اور کسی کو بھی ہڑپ کرنے نہیں دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ذاتیات پر تنقید کرنے والے اپوزیشن الائنس کے پاس سوائے الزامات کے سوا کچھ نہیں اور یہی ان کی اب تک کی ناکامی ہے،الیکشن سے پہلے ہی بکھرتے ہوئے بزنس مین پینل اور پاکستان بزنس گروپ کے الائنس کی شکست کے آثار ابتداء میں ہی نظر آچکے ہیں اور ان کے پاس صرف ایک ہی سیٹ رہے گی جو ہمارے پاس سے جانے والے لوگوں کی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اپوزیشن زیرو ہی ۔

انہوں نے کہا کہ یو بی جی نے صدارت کیلئے غضنفربلور، سینئر نائب صدارت کیلئے مظہر اے ناصر اور نائب صدور کیلئے قابل اور تعلیم یافتہ امیدوار بزنس کمیونٹی کو دیئے ہیں جواپنی اپنی ایسوسی ایشنز میں ایک بہتر مقام رکھتے ہیں اور چیئرمین کے فرائض انجام دے چکے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ملک کی بزنس کمیونٹی یو بی جی کے امیدواروں پر اعتماد کر رہی ہے۔

حنیف گوہر نے کہا کہ ہم نے الیکشن کی بھرپورتیاریاں کرلی ہیں تاہم ہماری بھرپور اکثریت کے پیش نظر الیکشن رسمی کاروائی ہے مگر ووٹرز اپنا حق رائے دہی کااستعمال اپنی شناخت کیلئے یو بی جی کے امیدواروں کے حق میں کریں گے اور30 دسمبر کا سورج یو بی جی کی بھرپورکامیابی کے ساتھ طلوع ہوگا۔ حنیف گوہر نے فیڈریشن کی تین سالہ کارکردگی بیان کرتے ہوئے کہا کہ جب سے یو بی جی نے فیڈریشن میں قدم رکھاایف پی سی سی آئی ترقی کی جانب گامزن ہے اور اس میں بڑی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیںاور ہر سال میرٹ کی بنیاد پر عہدیداران منتخب ہوتے ہیں،یو بی جی نے ریجنل سطح پر اپنی کا رکر دگی کو بہتر سے بہتر بنایا آج بڑ ے فخر سے یہ کہتے ہیں کہ جو کام ایکو چیمبر ،ڈی 8 چیمبر آف کامرس ،سارک چیمبر آف کامرس اور اسلامک چیمبر آف کامرس کے لیے فیڈریشن نے کیا وہ کام کسی اور فیڈریشن چیمبر آف کامرس کے ریجن نے نہیں کیا ۔

انہوں نے بتایا کہ ایف پی سی سی آئی نے انٹر نیشنل ٹریڈ سینٹر کے ساتھ بھی ایک معاہدہ پرجینوا میں دستخط کئے تاکہ انٹر نیشنل ٹریڈ کے قانون میں جو بھی پیش رفت ہو ایف پی سی سی آئی اس کی انفارمیشن سے مستفید ہواوراس کے علاوہ فیڈریشننے ایک معاہدہ چائنا کی ٹر یڈ باڈی CCPITکے ساتھ بھی دستخط کرنا ہے جس سے ایف پی سی سی آئی اور چین کے درمیان تعلقات مزید استوار ہوں گے اور ایف پی سی سی آئی کے ممبران چین کی نمائشوں میں مزید شراکت کر سکیں گے۔یو بی جی الیکشن سیل کے چیف کوآرڈینیٹر نے کہا کہ فیڈریشن چیمبر میں ماضی میں لوٹ مار کی گئی لیکن ہمارے گروپ کے تمام ہی صدوراور دیگر عہدیداران نے فیڈریشن کے اخراجات اپنی اپنی جیب سے ادا کیے۔

متعلقہ عنوان :