لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں انٹرنیشنل پنجابی کانفرنس کے دوسرے روز مشاعرے کا انعقاد

کانفرنس کی سفارشات پر عملدرآمد کیلئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا، سپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال

جمعہ 22 دسمبر 2017 19:20

لاہور۔22 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2017ء) لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں انٹرنیشنل پنجابی کانفرنس کے دوسرے روز مشاعرہ منعقد کیا گیا جس میںملکی اور غیر ملکی شعراء نے شرکت کی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال مہمان خصوصی تھے۔ انعام الرحمان، ڈاکٹر شاہدہ دلاور، ڈاکٹر کوثر چیمہ، ڈاکٹر مجاہدہ بٹ، مدثر نارو، سکھیندر سنگھ و دیگر نے اپنا تازہ کلام سنایا۔

سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمداقبال نے اس موقع پر شعراء میں ٹرافیاں تقسیم کیں ، پنجابی ثقافت دنیا کی نمایاں ترین ثقافتوں میں شمار ہوتی ہے۔ شاعر اور ادیب اپنے فن کے ذریعے معاشرے میں امن لا سکتے ہیں۔ رانا محمداقبال خاں نے پنجابی زبان و ادب پر بین الاقوامی کانفرنس منعقد کرانے پروائس چانسلر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی کو مبارکباد دی اور کہا کہ کانفرنس کی سفارشات پر عملدرآمد کیلئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے کہا کہ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں نیچرل سائنسز کے ساتھ ساتھ زبان وادب کی ترویج پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔اس مقصد کیلئے الگ انسٹی ٹیوٹ قائم کیا گیا ہے۔ چیئرپرسن پنجابی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر مجاہدہ بٹ نے بتایا کہ کانفرنس کا موضوع----- پنجابی زبان،ادب،فن تے ثقافت ہے جو آ ج23دسمبر تک جاری رہے گی۔ کانفرنس میںپنجاب کی ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے مختلف پروگرامز پیش کئے گئے جن میں لوک گیت، قوالی،پتلی تماشہ، بھانڈ شو اور مشاعرہ شامل ہیں۔