یونیورسٹی آف سرگودھا میں شعبہ سیاسیات و بین الاقوامی تعلقات کے زیر انتظام سیمینار

جمعہ 22 دسمبر 2017 18:40

سرگودھا۔22دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2017ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں شعبہ سیاسیات و بین الاقوامی تعلقات کے زیر انتظام’’پاکستان میں امن کی تعلیم،امکانات اور مسائل‘‘ کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا ڈاکٹر اشتیاق احمد بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے، سیمینار میں انچارج شعبہ سیاسیات وبین الاقوامی تعلقات ڈاکٹراعظم،ڈی ایس اے فراز احمد چیمہ، فیکلٹی ممبران سمیت طلباء و طالبات نے بھرپور شرکت کی جبکہ ایسوسی ایٹ پروفیسر وڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف پیس اینڈ کنفلیکٹ سڈیز یونیورسٹی آف پشاور ڈاکٹر جمیل احمد نے’’پاکستان میں امن کی تعلیم،موجودہ صورتحال،امن قائم کرنے کے امکانات اور درپیش مسائل پر خصوصی لیکچر دیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن جمہوریت کے ذریعے ہی ممکن ہے،قیام امن اور تنازعات حل کرنے کیلئے چائنہ کی طرح ہمیں دیگر ہمسائیہ ممالک کے ساتھ بھی دوستانہ تعلقات استوار اور قومی و بین الاقوامی امور و تنازعات کو سمجھنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن اسی وقت ممکن ہوگا جب تمام سیاسی، سماجی،معاشرتی ،معاشی اور مذہبی دھڑوں میں برداشت کا مادہ بڑھے گا،وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا ڈاکٹر اشتیاق احمد نے کہا کہ قومی وبین الاقوامی مسائل کا ادراک حاصل کر کے پر امن پاکستان کے خواب کی تعبیر حاصل کر سکتے ہیں،شدت پسندی کے خاتمہ اور قیام امن کیلئے یونیورسٹی آف سرگودھا طلبہ کو خصوصی تربیت فراہم کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن کی تعلیم کو فروغ دینے کیلئے یونیورسٹی تمام تر اقدامات بروئے کار لائے گی تاکہ معاشرے میں برداشت کے کلچر کو فروغ دیا جا سکے۔