کے الیکٹرک اربوں روپے کی اوور بلنگ کر چکی ہے ، غریب عوام پر اتنا ہی بوجھ ڈالا جائے جتنا وہ اٹھا سکیں،عارف علوی

اسلام آباد: کے الیکٹرک کراچی کے عوام پر کی جانے والی اووربلنگ بند کرے اور عوام پر کئے جانے والی اوور بلنگ کا اژالہ کریں، رکن قومی اسمبلی

جمعرات 21 دسمبر 2017 22:13

کے الیکٹرک اربوں روپے کی اوور بلنگ کر چکی ہے ، غریب عوام پر اتنا ہی بوجھ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 دسمبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علو ی نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کی غنڈہ گردی اور بد معاشی سے کراچی کی عوام سخت اذیت کا شکار ہیں۔ عوام پہلے ہی مہنگائی اور بے روزگاری سے تنگ ہیں اسکے اوپر ان پرکے الیکٹرک کی جانب سے اوور بلنگ کا بم گرا دینا شہریوں کے ساتھ سراسر ظلم اور زیادتی ہے۔

یہ باتیں انہوں نے اسلا م آباد میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پبلک اکائونٹس کے اجلاس سے کے موقع پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہیں۔ اجلاس میں کمیٹی نے گزشتہ اجلاس میں کے الیکٹرک کے ایم ڈی اور افسران بالا کو پیش ہونے کا حکم دیا تھا لیکن کے الیکٹرک کے افسران بالا اور ایم ڈی کے پیش نہ ہونے پر بھی شدید برہمی کا اظہار کیا تھا ۔

(جاری ہے)

لہذا اس اجلاس میں کے الیکٹرک کے افسران بالا نے اجلاس میں شرکت کی ۔ کمیٹی نے کے الیکٹرک کے افسران بالا کو کراچی میں کے الیکٹر ک کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ، اوور بلنگ اور بے ضابطگیوں پر ان سے تفصیلی جواب بھی طلب کیا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ NA250کے مختلف علاقوں میں آج بھی بلنگ پوری ہونے کے باوجودشہری لوڈ شیڈنگ سے بہت پریشان ہیں۔

شہریوں کی جانب سے متعدد بار شکایات درج کروانے کے باوجود بھی کے الیکٹرک کی جانب سے کوئی مثبت جواب نہیں ملا۔عوام کے الیکٹرک کے دفتروں کے دھکے کھارہے ہیں اوپر سے انکے عملے کا رویہ عوام کے ساتھ درست نہیں ہوتا ۔انہوں نے مزید کہا کہ کے الیکٹرک ایک عرصے سے کراچی کی عوام پر ظلم کر رہی ہے جسکے خلاف آ ج تک حکومت نے ان سے جواب طلب نہیں کیا۔

کے الیکٹرک کراچی میں اب تک اربوں روپے کی اوور بلنگ کر چکی ہے ، غریب عوام پر اتنا ہی بوجھ ڈالا جائے جتنا وہ اٹھا سکیں۔جن علاقوں میں بجلی کے بل باقائدگی سے جمع کئے جارہے ہیں ان علاقوں میں بھی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کے الیکٹرک کراچی کے عوام پر کی جانے والی اووربلنگ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کو فوری طور پر بند کرے اور عوام پر کئے جانے والی اوور بلنگ کا اژالہ کریں ۔