صوبے میں مدارس کی طرح جامعات کی مالی ضروریات کی تکمیل میں وسائل کی کمی آڑے نہیں دی جائیگی،پرویزخٹک

یونیورسٹیوں کی ہر طرح کی سہولیات بلاتاخیر پوری کرنے کی بھرپور کوشش کی جائیگی ، صوبائی حکومت کی تعلیمی ایمرجنسی بنیادی اور اعلیٰ تعلیم کے تمام شعبوں کیلئے ہے اٹھارویں ترمیم کے تحت جامعات کو صوبائی عملداری میں لانے کے بعد ہماری بھرپور کوشش ہے کہ سکول و کالج کی طرح یونیورسٹیوں کا تعلیمی معیار بھی مسلسل بہتر بنے اور ان میں تمام سہولیات کا اضافہ بھی اسی رفتار سے جاری رہے،،،وزیراعلی خیبرپختونخوا

جمعرات 21 دسمبر 2017 18:20

صوبے میں مدارس کی طرح جامعات کی مالی ضروریات کی تکمیل میں وسائل کی کمی ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 دسمبر2017ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے یقین دلایا ہے کہ صوبے میں مدارس کی طرح جامعات کی مالی ضروریات کی تکمیل میں وسائل کی کمی آڑے نہیں دی جائیگی اور یونیورسٹیوں کی ہر طرح کی سہولیات بلاتاخیر پوری کرنے کی بھرپور کوشش کی جائیگی انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی تعلیمی ایمرجنسی بنیادی اور اعلیٰ تعلیم کے تمام شعبوں کیلئے ہے اٹھارویں ترمیم کے تحت جامعات کو صوبائی عملداری میں لانے کے بعد ہماری بھرپور کوشش ہے کہ سکول و کالج کی طرح یونیورسٹیوں کا تعلیمی معیار بھی مسلسل بہتر بنے اور ان میں تمام سہولیات کا اضافہ بھی اسی رفتار سے جاری رہے انہوں نے جامعات کے سربراہوں پر زور دیا کہ اس سلسلے میں صوبائی حکومت سے بھرپور تعاون کریں اور یونیورسٹیوں کی ترقیاتی سکیموں کے ساتھ ساتھ تعلیم و تحقیق کا معیار بہتر بنانے کیلئے قابل عمل اور جاندار سفارشات سامنے لائیں وہ وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاورکے بعض تعلیمی اور انتظامی معاملات سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مشتاق غنی ، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات میاں خلیق الرحمان، ایس ایس یو کے سربراہ صاحبزادہ سعید احمد، سیکرٹری اعلیٰ تعلیم سید ظفر علی شاہ،سیکرٹری خزانہ شکیل قادر، چیف پلاننگ آفیسر محمد زمان خان مروت، اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر حبیب احمد،ڈپٹی رجسٹرار دائود خان، ڈائریکٹر منصوبہ بندی ڈاکٹر ظہور جان، ڈائریکٹر مینٹنینس پروفیسر ڈاکٹر سلیم خان، پی ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل محمد سریر، وزیر اعلیٰ کے سپیشل سیکرٹری اختر سعید ترک، وزیراعلیٰ کمپلینٹ سیل کے چئیرمین الحاج دلروز خان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی وزیر اعلیٰ نے یونیورسٹی کے بعض اہم شعبہ جات کی تعمیر کیلئے ریگی للمہ ٹاؤن شپ میں 55کنال اراضی کی الاٹمنٹ سے متعلق پی ڈی اے حکام کو اس کا ہمدردانہ جائزہ لینے اور گورنمنٹ ریٹ پر پلاٹ فراہمی کی ہدایت کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اسلامیہ گرلز کالج کی اپ گریڈیشن ،گرلز ھاسٹل کیلئے ایمبولینس اور بڑھتے ہوئے مالی اخراجات کے ضمن میں 19کروڑ روپے گرانٹ کے مطالبات کا بھی مناسب سطح پر جائزہ لینے کا یقین دلایا تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ یونیورسٹی انتظامیہ اس تاریخی مادر علمی کی زندہ جاوید روایات کو برقرار رکھتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعلیم و تحقیق کے اعلیٰ معیار کو فروغ دے گی اور جوہر قابل پیدا کرے گی۔