کے الیکٹرک کی جانب سے لیاری میں واقع اسپتال کی معاونت

بدھ 20 دسمبر 2017 15:34

کے الیکٹرک کی جانب سے لیاری میں واقع اسپتال کی معاونت
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 دسمبر2017ء) کے الیکٹرک نے اپنے فلاح و بہبود کے اقدام کے تحت ماڈل ایڈکٹس ٹریٹمنٹ اینڈ ری ہیبلیٹیشن سینٹر (MATRC) اینٹی نارکوٹکس فورس (ANF)ہسپتال کے ساتھ شراکت میں 200 KVAکا خصوصی پی ایم ٹی نصب کیا ہے۔ نیا نصب شدہ پی ایم ٹی MATRC ANF کی بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب پورا کرنے کے علاوہ اس کے آپریشنز میں مزید بہتری لائے گا۔

اینٹی نارکوٹکس فورس (ANF) اسلام آباد، کوئٹہ اور کراچی میں اپنے مراکز کے ذریعے منشیات کے عادی افراد کو علاج ومعالجہ، خوراک، رہائش اور بحالی کی خدمات مفت فراہم کرتا ہے۔ 2005ء میں ANFکی جانب سے MATRCکے قیام کے وقت سے اب تک پاکستان بھرمیں 14000سے زائد مریضوں کو علاج ومعالجہ کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ پاور یوٹیلٹی نے خصوصی پی ایم ٹی کی تنصیب کے ذریعے میر پور روڈ، لیاری میں واقع 60 بستروں پر مشتمل اسپتال کو ریلیف فراہم کیا ہے ۔

(جاری ہے)

کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق ،’’سماجی طور پر ایک ذمہ دار ادارے کی حیثیت سے کے الیکٹرک سماجی بہبود کیلئے کام کرنے والے اداروں کو بے لوث اورقابل قدر تعاون فراہم کرنے میں ہمیشہ پیش پیش رہا ہے ۔ادارہ مراکز صحت کومعاونت فراہم کرنے اور معاشرے کی خدمت جاری رکھنے کیلئے کوشاں ہے۔‘‘MATRC ANF اسپتال کے نمائندے نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا،’’کے الیکٹرک کی ٹیم نے ادارے کے لیے بجلی کی فراہمی مزید قابل بھروسہ بنانے کیلئے اس پروجیکٹ کے دوران اسپتال کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کیا ہے اور اس دوران اعلیٰ سطح کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ۔

کے الیکٹرک کی جانب سے اس تعاون کے باعث ہم اپنی خدمات کو وسیع کر سکیں گے اورمستقبل میں میڈیکل کیئر کے اخرجات میں کمی کر سکیں گے۔‘‘اس سال کے آغاز میں کے الیکٹرک نے حسینی ہیماٹولوجی اینڈ اونکولوجی ٹرسٹ کے ایمرجنسی سینٹر کے لیے بجلی کی فراہمی کو مزید قابل بھروسہ بنانے کیلئے بھی اشتراک کیا تھا ۔ گزشتہ برس، پاور یوٹیلٹی نے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (JPMC)میں بھی ایک اضافی فیڈر کی تنصیب کے ذریعے بجلی کی فراہمی کو مزید بہتر بنایا تھا۔

اس کے علاوہ کے الیکٹرک 40MVAکا پاور ٹرانسفارمر آغا خان گرڈ اسٹیشن پر نصب کر چکا ہے جبکہ کورنگی میں واقع لیٹن رحمت اللہ بینوولینٹ ٹرسٹ (LRBT)آئی اسپتال میں ایک 400KVAکا پی ایم ٹی نصب کیا ہے۔ اس سے قبل ادارہ کاشف اقبال تھیلیسیمیا کیئر سینٹر (KITCC)میں بھی 150KVA کا خصوصی پی ایم ٹی نصب کر چکا ہے۔کے الیکٹرک اپنے سوشل انویسٹمنٹ پروگرام(SIP)کے تحت اس وقت سالانہ تقریباً 39 لاکھ افراد کو 15پارٹنرز کے ذریعے فائدہ پہنچا رہا ہے جن میں SIUT، TCF، انڈس ہسپتال، LRBT، دی کڈنی سینٹر اور SOS چلڈرنز ولیج اور دیگر ادارے شامل ہیں۔

سوشل انویسٹمنٹ پروگرام کے تحت کیے گئے اقدامات میں کم مراعات یافتہ علاقوں میں تعلیم کی سہولت، کراچی کے اہم تعلیم و صحت کے اداروں کومفت یا سستے نرخوں پر بجلی کی فراہمی، فائر سیفٹی اور انرجی کنزرویشن پروگراموں کے ذریعے اسکول کے ہزاروں بچوں کی تربیت جبکہ کے الیکٹرک لیاری لیگ سمیت کرکٹ اورفٹ بال کے پلیٹ فارموں کے ذریعے نوجوانوں کوصحت بخش سرگرمیوں میں مصروف رکھنا شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :