حکومت کے موثر اقدامات اور آپریشن ضرب عضب سے ملک بھر میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی ہوئی،

یہ جنگ دہشت گردوں نے شروع کی لیکن ختم ہم کریں گے،وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنااللہ زہری کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

پیر 18 دسمبر 2017 23:05

حکومت کے موثر اقدامات اور آپریشن ضرب عضب سے ملک بھر میں دہشت گردی کے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنااللہ زہری نے کہا ہے کہ حکومتی موثر اقدامات اور آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے ملک بھر میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی ہوئی ہے، یہ جنگ دہشت گردوں نے شروع کی لیکن اسے ختم ہم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی موثر و کارآمد پالیسیوں کی بدولت ہماری مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے ملک سے دہشت گردوں کا تقریبا صفایا کر دیا ہے اور اگر کوئی دہشت گرد رہ بھی گیا ہے تو اس کے جڑ سے خاتمے کے لیے آپریشن ردالفساد جاری ہے جو آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کوئٹہ پر چرچ حملے کے دہشت گرد افغانستان سے آئے اور اس چرچ حملے کی ذمہ داری بھی کالعدم تنظیم داعش نے قبول کی جو افغانستان میں موجود ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اس حملے کے جواب میں ہماری فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بہت اچھا اور بروقت جواب دیا اور ان دہشت گردوں کو چرچ میں داخل ہی نہیں ہونے دیا اور ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری فورسز سمیت ہمارے لوگوں کا مورال بہت بلند ہے اور ہم پرعزم ہیں کہ انشااللہ بہت جلد دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ یقینی بنا دیا جائے گا۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے بھی دہشت گردوں کی جانب سے دھمکیاں مل رہی ہیں لیکن میں ڈرنے اور پیچھے ہٹنے والوں میں سے نہیں اور یہ جنگ جو دہشت گردوں نے شروع کی اسے اپنے اداروں اور عوام کے تعاون سے ختم ہم کریں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس چرچ حملے میں شدید زخمی ہونے والوں کو فی کس 5 لاکھ روپے دئیے جائیں گے۔